انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز ٹیسٹ کا پہلا دن بارش کی نذر

July 09, 2020

انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا کھیل آغاز کے کچھ دیر ہی بعد بارش کی نذر ہو گیا۔

ساؤتھمپٹن میں جاری ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، ابھی میچ میں 17 اعشاریہ 4 اوور ہوئے تھے کہ بارش کے باعث کھیل کو روکنا پڑا۔

انگلینڈ نے 17 اعشاریہ 4 اوور میں ایک کھلاڑی کے نقصان پر 35 اسکور بنالیا ہے، انگلینڈ کے اوپنر بیسٹمین ڈومنیک سبلے کوئی رنر بنائے بغیر ہی آؤٹ ہوگئے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے سبب چار ماہ پانچ دن کے بعد انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے کرکٹرز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں آمنے سامنے ہیں۔

انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹیسٹ میچ کے آغاز میں ہی کپتان ایس او پیز بھول گئے اور ٹاس کے موقع پر ہاتھ ملانے کی کوشش کی۔ میچ میں بلیک لائیوز میٹر مہم سے اظہارِ یکجہتی بھی کیا گیا۔

امریکا میں سفید فام پولیس اہلکار کے ہاتھوں سیاہ فام جارج فلائیڈ کی ہلاکت کے بعد دنیا بھر میں سیاہ فام افراد کی جانب سے بلیک لائیوز میٹر (سیاہ فام کی زندگیاں اہمیت رکھتی ہیں) احتجاج شروع ہوا جو دیکھتے ہی دیکھتے ایک منظم مہم کی شکل اختیار کر گیا۔