عثمان مختار کی ’’بینچ‘‘ نے امریکا میں بہترین شارٹ فلم ایوارڈ جیت لیا

July 09, 2020

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان ڈرامہ و فلم انڈسٹری کے اُبھرتے ہوئے اداکار عثمان مختار اور اداکارہ ربیعہ چوہدری کی فلم نے امریکا میں بہترین فلم کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔اداکار عثمان مختار کی شارٹ فلم ’بینچ‘ نے ساؤتھ شور فلم فیسٹیول نیو یارک میں بہترین شارٹ فلم کا ایوارڈ جیت لیا، اس حوالے سے اداکار نے سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کے لیے ایک محبت بھرا پیغام جاری کیا ہے۔ انسٹاگرام پر عثمان مختار نے اپنی شاٹ فلم ’بینچ‘ کا پوسٹر جاری کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’اپنی خوشی کو آپ سب کے ساتھ بیان کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں، یہ سب فلم سے منسلک ہر شخص کی محنت اور لگن کی وجہ سےممکن ہوا ہے۔‘عثمان مختار نے لکھا کہ ’یہ ہماری پہلی جیت ہے اس لیے میں کافی جذباتی ہوگیا ہوں، جہاں تک مجھے یاد ہے میں فلم میکر بننا چاہتا تھا، میں نے وی ایچ ایس کیمروں سے اپنے کیرئیر کی شروعات کی تھی اور آج میں یہاں کھڑا ہوں۔‘اداکار نے لکھا کہ ’اس ایوارڈ کو جیتے کے بعد مجھے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ میں اپنی زندگی میں جن مشکل حالات سے گزرا ہوں وہ بے معنی نہیں تھے۔‘انسٹاگرام پر جاری کردہ اپنی پوسٹ میں عثمان مختار نے لکھا کہ ’اُن تمام لوگوں کا بے حد شکریہ جنہوں نے ہمیں سپورٹ کیا، مجھ سے انتظار نہیں ہورہا، میں جلد از جلد آپ سب کے ساتھ اپنی فلم شیئر کرنا چاہتا ہوں۔ ‘آخر میں انہوں نے مزید لکھا کہ ’آپ سب کی دعاؤں ساتھ ہیں تو ایسی بہت سی کامیابیاں مستقبل میں بھی مل سکتی ہیں۔‘عثمان مختار نے اپنی فلم کی ساتھی اداکارہ ’ربیعہ چوہدری‘ کو خصوصی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ رابعہ ہماری فلم کی ’دل کی ڈھرکن‘ ہیں۔