بارسلونا میں ادیب سید آل عمران پر تعزیتی ریفرنس

July 09, 2020

بارسلونا (شفقت علی رضا )اسپین کے صوبہ کاتالونیا کے دارالحکومت بارسلونا سنٹر کے مقامی ریسٹورنٹ میں پاکستانی کمیونٹی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والوں نے پوٹھوار کے معروف ادیب، محقق، مصنف اورشاعر سید آل عمران کی یاد میں ایک تعزیتی ریفرنس کا اہتمام کیاجس کی نظامت حافظ احمد نے کی،ریفرنس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے رضوان زاہد نے کیا،ریڈیو اور ٹی وی کے معروف نعت خواں قدیر احمد خان نے سید آل عمران کی لکھی نعت رسول مقبولﷺپوٹھواری زبان میں پیش کی۔ راجہ شفیق کیانی نے سید آل عمران مرحوم کے فن اور شخصیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سید آل عمران خطہ پوٹھوار کی ہر دلعزیز شخصیت تھے، انہوں نے اپنی زندگی ادبی کاموں کے لئے وقف کر رکھی تھی۔انہوں نے کہا کہ مرحوم نے اردو، پنجابی اور پوٹھواری میں شاعری اور تحقیقی تصنیفات لکھیں اور دُنیا بھر سے داد حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ اُردو ماہیا اور ڈاکٹر عبد القدیر خان پر کیا گیا ان کا کام کبھی نہیں فراموش کیا جا سکتا،مرحوم کی زبان میں مٹھاس اور چہرے پر مسکراہٹ ہر خاص و عام کا دل جیت لیتی تھی، راجہ شفیق کیانی نے مزید کہا کہ مرحوم کی کمی پوری نہیں ہو سکے گی کیونکہ ایسے لوگ صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں، 2007 میں جب بارسلونا میں ریڈیو پاکستان کا انعقاد ہوا تو اظہر کیانی اور زاہد چوہدری کے پروگرام’’ پوٹھوار نی واز‘‘ کی سر پرستی بھی مرحوم کوحاصل رہی اور آج بھی وہ پروگرام جرمنی سے سلسلہ وار نشر ہو رہا ہے۔ آخر میں مقررین نے سید آل عمران کے کچھ اشعار پڑھ کر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ریفرنس کے اختتام پر سید آل عمران کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی گئی،ریفرنس میں سیاسی و سماجی شخصیات اقبال چوہدری، امتیاز آکیہ، عبدالغفار مرہانہ، آفتاب اشرف،جاوید مغل، رضوان کاظمی نے خصوصی شرکت کی۔