پانچ جولائی کوعوامی حکومت ختم کی گئی،چوہدری شاہنواز

July 09, 2020

برمنگھم (نمائندہ جنگ) پی پی پی مڈلینڈ کے صدر چوہدری شاہنواز نے کہا ہے کہ پانچ جولائی سیاہ ترین دن ہے جب ذوالفقار علی بھٹو کی عوامی حکومت کا تختہ الٹ کر پاکستان میں بدترین آمریت کی بنیاد رکھی گئی۔ کئی دہائیاں گزرنے کے باوجود پاکستانی عوام آج بھی ذوالفقار علی بھٹو سے عقیدت و محبت نبھا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی پی رہنمااور عہدیداروں چوہدری محمد حنیف،ارشاد عزیز،چوہدری رضوان علی گجر اور دیگر سے گفتگو میں کیا۔ پی پی پی برمنگھم کے سیکرٹری جنرل ارشاد عزیر نے کہا کہ اگر بھٹو ازم کو پاکستان میں نافذ کیا جائے تو وطن عزیز ترقی و کامرانی کی شاہراہ پر گامزن ہوسکتا ہے۔ چوہدری محمد حنیف نے کہا کہ پی پی پی جمہوری اقدار اور روایات کی امین جماعت ہے، پارٹی کے قائدین نے جان کے نذرانے پیش کرکے سیاسی تاریخ رقم کی ہے۔ رضوان علی گجر نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نہ صرف پاکستان بلکہ عالم اسلام کے رہنما تھے۔