بلوچستان بار باڈیز کا اجلاس‘گرانٹ ان ایڈ سے متعلق درخواست کا جائزہ

July 09, 2020

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) بلوچستان بار باڈیز کا مشترکہ اجلاس بلوچستان بار کونسل کے وائس چیئرمین منیر احمد خان کاکڑ کی صدارت میںہوا ۔ جس میں چیئرمین ایگزیکٹیو کمیٹی محمد سلیم لاشاری ،بلوچستان ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سید باسط شاہ ،جنرل سیکرٹری اکرم شاہ ،سینئر نائب صدر جمیل رمضان، ہائیکورٹ بار کیچ کے سینئر نائب صدر شکیل زعمرانی، کوئٹہ بار کے جنرل سیکرٹری خوشحال خان کاسی ،نائب صدر معراج ترین، ہرنائی بار کے صدر عبدالمصور، چمن بار کے جنرل سیکرٹری سمیع اللہ کے علاوہ دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں حکومت بلوچستان کی جانب سے دی جانے والی گرانٹ ان ایڈ سے متعلق جس میں پورے بلوچستان سے سات سو کے قریب وکلاء نے درخواست دی کا جائزہ لیا اور تمام درخواستوں پر یکساں طور پر گرانٹ دینے کا فیصلہ ہوا اجلاس میں بلوچستان بار باڈیز کی جانب سے حکومت بلوچستان کو وکلاء کو درپیش مسائل سے متعلق تحریری طور پر آگاہ کیا تھا اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن اتنا عرصہ گزر جانے کے بعد بھی مسائل جوں کے توں ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ منگل 14 جولائی کو تمام بار باڈیز آئندہ کا لائحہ عمل بذریعہ پریس کانفرنس واضح کریں گی۔اجلاس میں کہا گیا کہ وکلاء کے مسائل چیف جسٹس بلوچستان کے سامنے رکھے تھے جس پر طے ہوا تھا کہ وکلاء نمائندہ وفد چیف جسٹس سے ملاقات کرکے اپنا مسائل دوبارہ ان کے سامنے رکھے گا۔