بین المذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھتے ہیں‘مولانا محمد خان شیرانی

July 09, 2020

کوئٹہ ( آن لائن )جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما مولانا محمد خان شیرانی اورمجلس وحدت المسلمین کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہاہے کہ امت مسلمہ کے درمیان اتحاد اور اتفاق وقت کی ضرورت ہے،ہمیں اتحاد اور وحدت کا پیغام دینا ہے۔ فرقہ واریت اور قوم پرستی کو انسانوں کے درمیان دوری کا باعث نہیں بننا چاہئے، گزشتہ روزمجلس وحدت المسلمین پاکستان کے ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے جمعیت کے مرکزی رہنماء مولانا محمد خان شیرانی سے ملاقات کی اور ان کے بھائی کی وفات پر تعزیت کی۔اس موقع پر مقصود علی ڈومکی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ امت مسلمہ کے درمیان اتحاد اور اتفاق وقت کی ضرورت ہے۔ ایم ڈبلیو ایم مختلف مسالک کے درمیان اتحاد اور اخوت کی داعی ہے۔ مولانا محمد خان شیرانی نے بلوچستان میں اتحاد بین المسلمین اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے جو خدمات انجام دی ہیں وہ لائق تعریف ہیں۔ اتحاد ملت اسلامیہ محاذ کے پلیٹ فارم سے مولانا شیرانی کی قیادت میں دینی جماعتوں نے اتحاد اور وحدت کی ایک بہترین فضا قائم کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا محمد خان شیرانی نے کہا کہ ہمیں اتحاد اور وحدت کا پیغام دینا ہے۔ ہم بین المذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھتے ہیں۔ فرقہ واریت اور قوم پرستی کو انسانوں کے درمیان دوری کا باعث نہیں بننا چاہیے ۔