بلوچستان میں پارٹی کو تقسیم سے بچانے کیلئے اقدامات کیے جائیں،ن لیگ

July 09, 2020

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)مسلم لیگ (ن) بلوچستان کی کور کمیٹی کے ارکان نے کہا ہے کہ پارٹی کی مرکزی قیادت و سینئر قائدین نے بلوچستان میں پارٹی کو مزید تقسیم اور تباہی سے بچانے کیلئے فوری اقدامات نہ اٹھائے تو ہم بلوچستان کے تمام اضلاع کے کونسل ممبران کو بلاکر کوئی بھی اقدام اٹھانے میں حق بجانب ہوں گے ۔یہ بات کور کمیٹی کے ارکان میر اصغر مری ، اشرف ساگر بلوچ ، عبدالظاہر آغا ، عبدالرحمٰن ریکی ، احمد نواز مری ، ظہور درانی ، عمانویل مسیح و دیگر نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ 23 نومبر 2018 کو پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے انٹرا پارٹی انتخابات مبینہ طور پر غیر آئینی بنیادوں پر منعقد کرائے گئے تھے جس میں صوبے کے 32 میں سے 13 اضلاع بھی اس پراسیس کا حصہ نہیں بنے تھے پارٹی کے دیرینہ حقیقی و نظریاتی ساتھیوں نے باہمی مشاورت سے انتخابات کو الیکشن کمیشن آ ف پاکستان میں چیلنج کیا تھا اور اب بھی کیس اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے ہم آج بھی اپنے موقف پر قائم ہیں کہ 23 نومبر2018 کے انٹرا پارٹی انتخابات غیرآئینی و غیرجمہوری تھے کیونکہ پارٹی کی صوبائی سینئر قیادت صوبائی مجلس عاملہ اور صوبائی کونسل کو نظر انداز کرکے بعض عناصر نے بلوچستان میں پارٹی کو تقسیم کرنے کی بنیاد رکھی جس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ عناصر کسی خاص ایجنڈے پر کارفرما ہیں ۔