بی ایف اے حکام نےخشک دودھ اور مشروبات کے نمونے لیبارٹری بھجوا دیئے

July 09, 2020

کوئٹہ (خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی معائنہ ٹیموں نے شہر کے مختلف علاقوں میں قائم ہولسیل ٹریڈرز اور جنرل سٹورز سے مختلف برانڈز کے پیکٹ(ٹیٹرا پیک)دودھ خشک دودھ اور جوسز (مشروبات) کے نمونے حاصل کر کے لیبارٹری ٹیسٹ کے لئے بھجوا دیئے تاکہ مذکورہ اشیاء کے معیار و افادیت کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔سرکی روڈ اور بڑیچ مارکیٹ میں متعدد مراکز کے معائنے کے دوران فوڈ اتھارٹی حکام نے دو مراکز کو بڑی مقدار میں ممنوعہ و مضرصحت چائنیز نمک اور نان فوڈ گریڈ کلرز کی فروخت جبکہ ایک جوس کارنر کو خراب اور پرانے پھلوں کی موجودگی و حفظان صحت کے اصولوں کے خلاف اسٹوریج پر جرمانہ کیا۔چیکنگ کے دوران برآمد ہونے والی ممنوعہ و مضر صحت اشیاء کو قبضے میں لے لیا گیا، مزید برآں بی ایف اے کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے علاقے میں موجود مصالحہ شاپس،جنرل سٹورز،جوس کارنر،پولٹری شاپس اور ٹی سٹورز میں فروخت ہونے والی اشیاء کی کوالٹی اور صفائی کے انتظامات چیک کئے۔ اس موقع پر مراکز مالکان کو معیاری اور ملاوٹ سے پاک کھانے پینے کی اشیاء کی تیاری و فروخت یقینی بنانے جبکہ کورونا وائرس سے بچاؤ سے متعلق احتیاطی تدابیر و ضروری اقدامات بارے بی ایف اے حکام کی دی گئی خصوصی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی گئی۔