کراچی روڈ ہزار گنجی کو پی ایس ڈی پی میں شامل کیا جائے‘بی این پی

July 09, 2020

کوئٹہ ( آن لائن )بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن غلام نبی مری نے مین کراچی روڈ ہزارگنجی کے منصوبے کو صوبائی پی ایس ڈی پی سے نکالنے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ صوبائی بجٹ کو عوام دوست قرار دینے والی حکومت نے کوئٹہ کے صنعتی حُب ہزارگنجی اور سریاب کیلئے شامل منصوبے کو پی ایس ڈی پی سے نکال دیا۔ کراچی روڈ جو گاہی خان چوک سے ہزارگنجی تک لوگوں کیلئے سفر کاایک بہتر ذریعہ تھا لیکن گزشتہ کئی عرصے سے ٹوٹ پوٹ کاشکار ہے اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے کوئی بھی اقدام نہیں اٹھایا گیا،انہوں نے کہاکہ مین کراچی روڈ کی خستہ حالی کی وجہ سے پورے روڈ میں بڑے بڑے گڑھے بن چکے ہیں اور سیوریج کا گندا پانی وبارشوں کا پانی جمع ہونے سے چھوٹی گاڑیوں کے علاوہ پیدل چلنا محال ہوجاتاہے، حکومت کی جانب سے دعوے تو کئے جاتے ہیں مگر عمل درآمد نہ ہونے کے برابر ہے حالانکہ بہتر مواصلاتی نظام کسی بھی علاقے کی ترقی کیلئے اہم کرداراداکرتاہے مگر یہاں حکومت کی جانب سے بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی صرف کاغذوں تک محدود ہے۔انہوں نے حکومت پر زوردیتے ہوئے کہاکہ کراچی روڈ ہزارگنجی کو پی ایس ڈی پی کا حصہ بنا یا جائے اور اس سلسلے میں فنڈز فراہم کئے جائیں۔