فہد مصطفیٰ کا پولیو ورکرز کو خراج تحسین

July 09, 2020


پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ کی جانب سے پولیو رضاکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر فہد مصطفیٰ نے پولیو رضاکاروں کے لیے خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں اُنہوں نے کہا کہ ’آپ سب یہ جانتے ہیں کہ پولیو رضاکاروں کی ٹیم دن رات محنت کرکے کورونا وائرس کے خلاف لڑ رہی ہے۔‘

فہد مصطفیٰ نے کہا کہ ’پہلے یہ ٹیم پولیو کے خلاف لڑتی رہی اور اب عالمی وبا کورونا وائرس کے خلاف لڑ رہی ہے تاکہ اِس کے اثرات کو کم کیا جاسکے اور لوگوں کو اِس وائرس سے محفوظ رکھا جاسکے۔‘

اداکار و میزبان نے بچوں کو پولیو ویکسین دلانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’کورونا وائرس کا خاتمہ اس لیے نہیں ہورہا ہے کیونکہ اس وائرس کی کوئی ویکسین نہیں ہے لیکن پولیو کی ویکسین موجود ہے لہٰذا تمام والدین کے لیے بےحد ضروری ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کی ویکسین دلوائیں۔‘

اُنہوں نے اپنا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’بحیثیت باپ میں نے ہمیشہ اپنے بچوں کو وقت پر پولیو کی ویکسین دلوائی تاکہ میرے بچے اِس مرض سے محفوظ رہ سکیں۔’

فہد مصطفیٰ نے کہا کہ ’ناصرف پولیو کی ویکسین بلکہ دیگر بیماریاں بھی جن کی ویکسین موجود ہے وہ آپ اپنے بچوں کو ضرور دلوائیں تاکہ ہم اپنے ملک پاکستان کو پولیو جیسے دوسرے امراض سے بھی محفوظ رکھ سکیں۔‘

آخر میں اُن کا کہنا تھا کہ ’اِس ضمن میں ہمارے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنا ایک اہم کردار ادا کریں اور پولیو ٹیم کا ساتھ دیں۔‘

واضح رہے کہ دو روز قبل کراچی میں پولیو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آیا، 5 سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد رواں سال اب تک سندھ میں پولیو وائرس سے متاثرہ بچوں کی تعداد 19 جبکہ ملک بھر میں 57 ہوگئی ہے۔