معروف بھارتی اداکار جگدیپ انتقال کرگئے

July 09, 2020


بالی ووڈ کے سینئر اداکار اشتیاق احمد جعفری المعروف جگدیپ 81 سال کی عمرمیں انتقال کرگئے۔

بھارتی اداکارہ شلپا شیٹھی نےتصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پراپنی اور جگدیپ کی ایک تصویر شیئر کی ہے جو کہ ایک پرانی فلم کی ہے جس میں دونوں نے ایک ساتھ کام کیا تھا۔ تصویر کے ساتھ کیپشن میں انہوں نے جگدیپ کی موت پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔


اداکارہ نے لکھا کہ جگدیپ جی کی موت کی خبر سن کر بہت افسوس ہوا، خوش قسمتی سے مجھے فلم ’رشتے‘ میں اُن کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔جگدیپ جی ایک ہنس مکھ، زندہ دل، مذاحیہ اور ایک نہایت خوبصورت انسان تھے۔

اداکارہ شلپا شیٹھی نے اُن کے بیٹے جاوید جعفری، نوید جعفری اور تمام اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کے لیے پیار، دعائیں اور صبر کی دعا ہے۔

بالی ووڈ سے اداکار اجے دیوگن، ایوشمان کھرانہ، منوج باجپائی، جونی لیور، رنویر سنگھ اور دیگر نے بھی جگدیپ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اُن کے اہل خانہ کے لیے تعزیاتی پیغامات جاری کیے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار جگدیپ متعدد امراض کا شکار تھے اور ممبئی کے علاقے بینڈرا میں اپنی رہائش گاہ میں ان کا انتقال ہو، انہیں کل ممبئی میں ہی سپرد خاک کیا جائے گا۔

اداکار جگدیپ کااصل نام سید اشتیاق احمد جعفری تھا اور وہ مزاحیہ اداکار و ڈانسر جاوید جعفری کے والد تھے۔ ان کے تین بیٹے جاوید جعفری، نوید جعفری اور حسین جعفری بالی ووڈ سے ہی وابستہ ہیں جبکہ ان بھائیوں کی وجہ شہرت مشہور ڈانس شو’ 'بوگی ووگی‘ہے۔


اشتیاق جعفری 29 مارچ 1939 کو امرتسر میں پیدا ہوئے اور انہوں نے تقریباً 400 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

ان کی یادگار فلموں میں شعلے، انداز اپنا اپنا، افسانہ، آر پار، وغیرہ شامل ہیں۔ وہ آخری بار 2017 میں ریلیز ہونے والی فلم 'مستی نہیں سستی میں دکھائی دیے تھے۔

اس فلم میں مرحوم قادر خان، شکتی کپور، جونی لیور اور پریم چوپڑا بھی تھے۔