فرحان سعید نے گلگت بلتستان میں انٹرنیٹ بحران پر آواز بلند کردی

July 09, 2020

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و گلوکار فرحان سعید نے گلگت بلتستان میں انٹرنیٹ بحران کے باعث آن لائن کلاسز لینے والے طالب علموں کی پریشانی سے آگاہ کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گلوکار نے لکھا کہ گلگت بلتستان میں انٹرنیٹ کا شدید بحران سمجھ سے باہر ہے۔

انہوں نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ایک ایسے دور میں کہ جب دنیا کا آدھا کاروبار آن لائن ہورہا ہےاور گلگت کے لوگ انٹرنیٹ جیسی سہولت سے محروم ہیں ۔

فرحان سعید نے لکھا کہ یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جس کیلئے فوری طور پر بڑے پیمانے پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ گلگت بلتستان میں انٹرنیٹ کی کم رفتار کی وجہ سے آن لائن کلاسز لینے والے طالب علم پریشانی کا شکار ہیں۔

سوشل میڈیا پر گلگت سے تعلق رکھنے والے طالب علم اپنی پریشانی کا کھل کر اظہار کرتے ہوئے بتاتے ہیں کہ انہیں اپنی کلاس لینے کیلئے کئی میل پیدل سفر کرنا پڑتا ہے۔

آن لائن کلاسز اُن طلبہ کیلئے عذاب بن گئی ہیں جنہیں تیز رفتار انٹرنیٹ میسر نہیں۔