سوشانت کے بعد ایک اور بھارتی اداکار نے خودکشی کرلی

July 09, 2020

بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کے بعد ایک اور بھارتی اداکار سشیل گودا نے خودکشی کرلی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی مقامی شوبز انڈسٹری کے اداکار سشیل گودا نے ریاست کرناٹکا کے علاقے مندیا میں اپنے گھر پر خودکشی کرلی جس کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی، اُن کے اہل خانہ نے موت کی تصدیق کردی ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق سشیل گودا نے کاننادا انڈسٹری کی شہرہ آفاق سیریل’ انتھاپور‘ میں زبردست اداکاری کر کے شہرت کی بلندیوں کو چھو لیا تھا بعد ازاں انہیں فلموں میں کام کرنے کا موقع بھی ملا۔ اُن کی فلم سلاگا بھی مشہور ہوئی جس کے بعد سشیل نے ترقی کے نئے سفر کا آغاز کیا۔

سشیل بھارت کی مقامی انڈسٹری کاننادا کے لیے کام کرتے تھے، اُن کی موت پر ساتھی اداکاروں نے افسوس کا اظہار کیا اور اداکار کو خراج عقیدت بھی پیش کیا ہے۔

اداکار امیتا رانگناتھ جو سشیل کے ساتھ ایک ڈرامے میں کام کرچکے ہیں انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر افسوسناک خبر سناتے ہوئے لکھا کہ ’جب میں صبح سو کر اٹھا تو سشیل کی خودکشی کی خبر سُن کر حیران رہ گیا۔‘

فلم سلاگا کے ڈائریکٹر انتھا پورا نے بھی خودکشی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے لکھا کہ’ ہم ایک باصلاحیت اداکار سے محروم ہوگئے ہیں۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بالی ووڈ کے اُبھرتے ہوئے نوجوان اداکار سوشانت سنگھ نے بھی خودکشی کرلی تھی، اُن کے دوستوں کا کہنا ہے کہ اداکار کام نہ ملنے کی وجہ سے شدید ڈپریشن کا شکار تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فلم انڈسٹری کے لیے یہ سال بہت بھاری ثابت ہوا ہے،رواں سال کے آغاز میں نامور بالی ووڈ اسٹار عرفان خان، رشی کپور اور میوزک کمپوزر ساجد خان انتقال کرگئے تھے۔

اس کے علاوہ سلمان خان کے ساتھ فلم’ریڈی ‘ میں کام کرنے والے مزاحیہ اداکار موہیت بگہیل 27 برس کی عمر میں چل بسے وہ ایک موذی مرض میں مبتلا تھے۔ اس سے قبل 13 مئی کو بالی ووڈ کی مشہور فلم پی کے میں مسٹر پرفیکشنسٹ کے ساتھ کام کرنے والے اداکار کینسر کی وجہ سے انتقال کرگئے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 39 سالہ اداکار چرن جیوی سرجا کو 7 جون کو دل میں تکلیف ہوئی جس کے بعد انہیں اسپتال لایا گیا وہ دوران علاج جانبر نہ ہوسکے تھے۔ چرن جیوی سرجا کی موت کی تصدیق تلنگا فلموں میں کام کرنے والے اداکار اور اہل خانہ نے کی تھی۔

گزشتہ ہفتےبالی ووڈ کی معروف کوریوگرافر سروج خان بھی دل کی دھڑکن بند ہونے کے باعث ممبئی کے مقامی اسپتال میں انتقال کرگئیں تھیں۔