فخر عالم نے کے الیکٹرک سے جواب طلب کرلیا

July 09, 2020

پاکستان کے معروف گلوکار، میزبان و اداکار فخر عالم نے کراچی میں بارشوں کے دوران بجلی کی ناقص صورتحال پر کے الیکٹرک سے جواب طلب کرلیا ہے۔

شہر قائد میں پیر کے روز سے شروع ہونے والی بارشوں کے دوران بجلی کی تاریں ٹوٹنے اور کرنٹ لگنے کے باعث کئی افراد اپنی جان کی بازی ہار گئے جبکہ کئی علاقوں میں تو کئی کئی گھنٹوں تک بجلی بھی غائب رہی جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیے: فخر عالم نے کراچی والوں کیلئے آواز بلند کردی

اب اِس ضمن میں فخر عالم نے کے الیکٹرک سے جواب طلب کرتے ہوئے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنا ایک خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

فخر عالم نے اپنے ٹوئٹ میں کے الیکٹرک کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں آپ سے جو سوال کرنے جارہا ہوں اُس کے لیے مجھے پیسے نہیں مل رہے ہیں، میں ذاتی طور پر آپ سے صرف اتنا پوچھنا چاہتا ہوں کہ دُنیا کے کئی شہروں میں بارشیں ہو رہی ہیں لیکن کراچی ایک واحد شہر ہے جہاں ہر سال بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے اور بجلی کی تاریں ٹوٹنے کی وجہ سے کئی افراد جاں بحق ہوجاتے ہیں۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’مہربانی کرکے ہمیں ایک صاف اور ایماندار جواب دیں کہ آخر کراچی میں ہی کیوں ایسا ہوتا ہے؟‘

فخر عالم کے اِس ٹوئٹ پر شاہد عمران نامی صارفین نے لکھا کہ ’اِس کی وجہ یہ ہے کہ پاکستان میں انصاف نہیں ہے اگر پہلی غلطی پر ہی کے الیکٹرک کو سزا دی جائے تو وہ دوبارہ ایسا کرنے کااعادہ نہیں کریں گے۔‘

واضح رہے کہ اِس سے قبل فخر عالم نے کراچی میں جاری اعلانی اور غیر اعلانی لوڈشیڈنگ کے خلاف اپنی آواز بلند کی تھی، اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ وہ یہ دیکھ کر حیران ہیں کہ اِس ترقی یافتہ دور میں بھی دُنیا کے سب سے بڑے شہر کراچی کے شہریوں کو لوڈشیڈنگ کے بڑے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

فخر عالم نے لکھا تھا کہ اِن مشکل حالات میں کراچی کے شہری کیسا محسوس کر رہے ہوں گے؟ ، اُنہوں نے افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا تھا کہ آج بھی کراچی کے شہری پانی، بجلی، گیس اور پیٹرول کے مسائل سے دوچار ہیں۔

یاد رہے کہ کراچی میں تین روز کی بارشوں کے دوران کئی افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئے جبکہ ترجمان کے الیکٹرک نے واقعات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں ہونیوالی تمام افسوسناک ہلاکتوں کو کےالیکٹرک کے انفرااسٹرکچر سے جوڑنا درست نہیں ہے۔