کیا کترینہ کیف عالیہ، رنبیر کی شادی پر جائیں گی؟

July 09, 2020

بھارتی اداکارہ کترینہ کیف کا کہنا ہے کہ وہ اپنے سابق دوست بھارتی چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور اور اپنی بہترین دوست عالیہ بھٹ کی شادی پر جانا پسند نہیں کریں گی ۔

بھارتی باربی ڈول کترینہ کیف نے حال ہی میں اداکارہ نیہا دھوپیا کے چیٹ شو میں بطور مہمان شرکت کی، اس دوران نیہا کی جانب سے کترینہ سے متعدد سوالات کیے گئے جن کے کترینہ نے بڑے دلچسپ جواب دیئے۔

نیہا کی جانب سے کترینہ سے سوال کرتے ہوئے کہا گیا کہ فرض کرو رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ، ملائکہ اڑورا اور ارجن کپور کی ایک ہی دن شادی کا دعوت نامہ آ جائے تو وہ کس کی شادی میں شرکت کرنا پسند کریں گی ؟

اس سوال کے جواب میں کترینہ کیف کا اپنی بہترین دوست عالیہ بھٹ اور سابق بوائے فرینڈ رنبیر کی شادی کی دعوت ٹھکراتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر ایسا ہوتا ہے تو وہ ارجن کپور اور ملائکہ اڑروا کی شادی میں جانا پسند کریں گی ۔

کترینہ کیف نے کہا کہ ’ اگر اُنہیں کسی ایک جوڑے کی شادی پر جانے کی دعوت قبول کرنی پڑی تو وہ ارجن کی شادی میں جائیں گی کیوں کہ وہ اُن کا منہ بولا بھائی ہے اور وہ انہیں راکھی باندھ چکی ہیں، ارجن کو یہ میری بات بالکل پسند نہیں آئی تھی، اُنہوں نے ارجن سے پوچھا کیا وہ اُن کے راکھی بھائی بننا چاہیں گے جس پر ارجن نے انکار کر دیا تھا مگر اُنہوں نے پھر بھی انہیں راکھی باندھ کر اپنا راکھی بھائی بنا لیا تھا ۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ وہ ایک انسان دوست طبیعت کی مالک ہیں ، وہ اپنے دل میں کسی کے لیے بھی بغض نہیں رکھتی ہیں ، کبھی اگر انہیں کسی انسان کی جانب سے دکھ یا تکلیف ملے بھی تو وہ سہہ جاتی ہیں، وہ دشمنوں سے زیادہ دوست رکھنا پسند کرتی ہیں ۔

کترینہ کیف کا کہنا تھا کہ وہ کسی کے خلاف دل میں کوئی بات یا بغض نہ رکھ کر اپنی زندگی آسان بناتی ہیں، وہ ایسا کر کے خود کو خوش اور ہلکا محسوس کرتی ہیں ۔