ریشم کا عبدالستار ایدھی کو خراج عقیدت

July 09, 2020

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ ریشم کی جانب سے مشہور سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔

انسانیت کے لیے اپنی زندگی وقف کرنے والے مشہور سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کی چوتھی برسی کے موقع پر ریشم نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک خصوصی فوٹو کولاج پوسٹ کیا۔


ریشم کی جانب سے پوسٹ کیے جانے والا فوٹو کولاج عبدالستار ایدھی اور اداکارہ کی یادگار تصاویر کو ملا کر بنایا گیا ہے۔

فوٹو کولاج پوسٹ کرتے ہوئے ریشم نے لکھا کہ ’عبدالستار ایدھی صاحب کی چوتھی برسی کے موقع پر میں نے اُن سے منسلک کچھ قیمتی یادیں شیئر کی ہیں۔‘

ریشم نے عبدالستار ایدھی صاحب کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ’کئی دہائیوں تک انسانیت کی بلاتفریق خدمت کرنے والے ایدھی صاحب ایک مثالی انسان تھے۔‘

اداکارہ نے یہ فوٹو کولاج سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر بھی پوسٹ کیا۔

واضح رہے کہ عظیم سماجی رہنما نے اپنی خدمات کا آغاز 1951 میں ایک ڈسپنسری قائم کرکے کیا۔ عبد الستار ایدھی نے صرف 5000 روپے کے ساتھ اپنا پہلا فلاح و بہبود مرکز قاٗئم کیا اور پھر ایدھی ٹرسٹ قائم کیا۔

ایدھی فاؤنڈیشن کی ایمبولینس سروس دنیا کی سب سے بڑی ایمبولینس سروس گردانی جاتی ہے جو پاکستان کے ہر شہر میں لوگوں کی خدمت میں مصروف ہے، اسی بناء پر عبدالستار ایدھی کو 1997 میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں دنیا کی سب سے بڑی ایمبولینس سروس کے طور پر شامل کیا گیا۔

1980 کی دہائی میں حکومت پاکستان نے انہیں نشان امتیاز سے نوازا جب کہ پاک فوج نے انہیں شیلڈ آف آنر کا اعزاز دیا جب کہ 1992 میں حکومت سندھ نے انہیں سوشل ورکر آف سب کونٹی ننیٹ کا اعزاز دیا۔

عبدالستار ایدھی گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور علالت کے باعث 8 جولائی 2016 کو خالق حقیقی سے جاملے۔