عمران عباس کا محترمہ فاطمہ جناح کو خراج تحسین

July 09, 2020

شوبز انڈسٹری کے ورسٹائل اداکار عمران عباس نے سوشل میڈیا پر محترمہ فاطمہ جناح کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکار عمران عباس نے محترمہ فاطمہ جناح کی ایک یادگار تصویر شیئر کی ہے اور ساتھ ہی انہوں نے کیپشن میں لکھا ہے کہ ’’محترمہ فاطمہ جناح کی برسی کے موقع پر ہماری مادر ملت کو سلام‘‘


اداکار عمران عباس نے ایک گھنٹہ قبل یہ پوسٹ اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی تھی جسے اب تک 14ہزار کے قریب مداح لائیک کرچکے ہیں جبکہ اس پر مداحوں کی جانب سے تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

واضح رہے کہ آج مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی 53 ویں برسی ہے۔

محترمہ فاطمہ جناح 31 جولائی 1893 کو کراچی میں پیدا ہوئیں وہ قائداعظم محمد علی جناح سے 17 سال چھوٹی تھیں لیکن قائد کی دیکھ بھال اور ان کے سیاسی مشن کو پورا کرنے کے لیے قدم قدم پر قائد کے ہمراہ رہیں۔

تحریک پاکستان میں مادر ملت محترم فاطمہ جناح کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، آپ نے جدوجہد آزادی میں حصہ لینے کے لیے برصغیر کی مسلم خواتین کو بیدار کیا اور انہیں منظم کرکے ان سے ہر اول دستے کا کام لیا۔


مادر ملت کی ہی بدولت برصغیر کے گلی کوچوں میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین بھی تحریک میں سرگرم ہوئیں۔

محترمہ فاطمہ جناح نے قیام پاکستان کے بعد مہاجرین کی آبادکاری جیسا اہم کام اپنی نگرانی میں انجام دیا اور ساتھ ہی انہوں نے ویمن ریلیف کمیٹی قائم کی اور پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کی بنیاد رکھی۔

فاطمہ جناح کی خدمات کے عوض قوم نے آپ کو ’مادر ملت‘ اور ’خاتون پاکستان‘ کے خطاب سے نوازا۔

محترمہ فاطمہ جناح پاکستان کی آزادی کی تحریک میں عملی طور اپنے بھائی قائداعظم محمد علی جناح کے مشن پر ان کے ساتھ رہیں، قائداعظم کے ساتھ طویل رفاقت کے باعث محترمہ فاطمہ جناح کے مزاج اور برتاؤ میں قائداعظم سے کافی مماثلت پائی جاتی تھی۔


سابق صدر ایوب خان نے نے جب 1965 میں انتخابات کرانے کا اعلان کیا تو فاطمہ جناح کو حزب اختلاف کی تمام جماعتوں نے اپنا مشترکہ امیدوار نامزد کیا تاہم وہ سرخرو نا ہو پائیں۔

محترمہ فاطمہ جناح 9 جولائی 1967 کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث خالق حقیقی سے جاملیں۔