کنگنا پوجا بھٹ پر کیوں برس پڑیں؟

July 09, 2020

بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت بھارتی فلمساز پوجا بھٹ کے اقربا پروری کے خلاف بیان دینے پر اُن پر برس پڑیں۔

سوشانت سنگھ کی خودکشی کے بعد سے متعدد فلمساز فنکاروں اور شائقین کی جانب سے تنقید کی زد میں ہیں، فلمسازوں کے اقربا پروری کے رویے اور اسٹار کڈز پر شروع ہونے والی بحث تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہے ۔

حال ہی میں بھارتی فلمساز مہیش بھٹ کی بیٹی فلمساز پوجا بھٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اقربا پروری کے خلاف اور اپنی فلمی پروڈکشن کے حق میں کچھ ٹوئٹ کیے، جس میں پوجا بھٹ کا کہنا تھا کہ اُن کے فلم پروڈکشن ہاؤس میں کسی قسم کی اقرباپروری نہیں پائی جاتی، انہوں نے ہمیشہ نئے اور باہر سے آنے والے اداکاروں کو خوش آمدید کہا ہے اور اپنی فلموں میں نئے چہروں کو کاسٹ کیا ہے ۔

پوجا بھٹ نے مثال دیتے ہوئے اپنی فلم پروڈکشن ’وینیش فلمز‘ کے بینر تلے بننے والی فلم ’کوئین‘ اور اس میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ کنگنا رناوت کا ذکر کیا او کہا کہ یہ اس بات کی گواہی ہے کہ وہ اور اُن کا فلم پروڈکشن ہاؤس اقربا پروری کے خلاف ہیں ۔

اپنے ٹوئٹس میں پوجا نے مزید کہا کہ جہاں تک بات ہے کنگنا رناوت کی تو وہ بہت باصلاحیت اداکارہ ہیں، وینیش فلمز نے ہی کنگنا کو فلم انڈسٹری میں فلم ’ گینگسٹر ‘ کے ذریعے متعارف کروایا تھا اور کنگنا بالکل نیا چہرہ ہونے کے سبب اُن پر انویسٹ کیا تھا، پوجا بھٹ کے ٹوئٹ میں کنگنا کے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا گیا ۔

کنگنا رناوت کی ٹوئٹر ٹیم کو پوجا بھٹ کے یہ ٹوئٹس بالکل بھی نہیں بھائے اور کنگنا کے ٹوئٹر اکاؤنٹس سے پوجا بھٹ کو جواب دیئے گئے جس میں کنگنا کی ٹیم کا کہنا تھا کہ ’فلموں میں نئے چہروں کو بغیر معاوضہ دیئے اپنے فائدے کے لیے کام کروانا بہت سے فلم پروڈکشن ہاؤسز کا کام ہے ۔‘

کنگنا کی ٹیم کی جانب سےکیے گئے مزید ٹوئٹس میں کہا گیا کہ ’فلمساز مکیش بھٹ بھی نئے آنے ولے اداکاروں کو معاوضہ دینا پسند نہیں کرتے ہیں ، مکیش بھٹ نے کنگنا کا ٹیلنٹ دیکھ کر اُنہیں اپنی فلم میں کام دیا تھا اور ہر کوئی جانتا ہے کہ مکیش بھٹ اداکاروں کو معاوضہ نہیں دیتے ہیں ۔‘

کنگنا کی جانب سے کیے گئے ٹوئٹ میں مزید کہا گیا کہ ’ بہت سے فلم اسٹوڈیو باصلاحیت اداکاروں سے فری میں کام کروا کر اُنہیں موقع نہیں دیتے بلکہ اپنے فائدے کے لیے نئے ادکاروں اور چہروں سے مدد لیتے ہیں۔‘

ایک ٹوئٹ میں پوجا بھٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا کہ اپنی فلم پروڈکشن میں کسی باہر سےآنے والے کو کام دینے کا یہ ہر گز مطلب نہیں ہے کہ آپ کے والد کو لائسنس مل گیا کہ وہ کسی کو چپل ماریں یا کسی کو پاگل قرار دے دیں اور کسی کے حقوق سلب کر کے میڈیا پر کہیں کہ فلاں ہیروئن کا انجام برا ہے۔

واضح رہے کہ پوجا بھٹ کی جانب سے کیے گئے ٹوئٹس میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ اُن پر اور اُن کے خاندان پر اقربا پروری کو فروغ دینے کے لیے لگنے والے الزامات ہنسنے کے قابل ہیں کیوں کہ وینیش فلمز پروڈکشن ہمیشہ نئے چہروں کو سامنے لاتا ہے ۔