عمران خان پارلیمنٹ کیلئے مسنگ پرسن ہیں، شیری رحمٰن

July 09, 2020

پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمٰن کہتی ہیں کہ وزیرِ اعظم عمران خان پارلیمنٹ کے لیے مسنگ پرسن ہیں، وہ برداشت نہیں کر سکتے کہ لوگ ان پر تنقید کریں۔

کراچی میں اے پی سی سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی نائب صدر پی پی پی سنیٹر شیری رحمٰن نے کہا کہ عمران خان صدارتی نظام پر نظریں جما کر بیٹھے ہیں جو پرانی خواہش ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ ایجنڈے پر اے پی سی بہت اہمیت کی حامل ہے، پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ سے ہر تحریک میں مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ ہے۔

شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ ہم انشاء اللّٰہ وفاقی سطح پر اے پی سی کو بلانے کی تگ ودو کر رہے ہیں، ضرورت ہے کہ ملک کو اس ظلم و جبر سے نکال لیں اور وفاق کو مشکلات سے نکالیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت 18 ویں ترمیم پر شب خون مارا جا رہا ہے، ملک کو دو بارہ تقسیم کی طرف لے جایا جا رہا ہے، 18 ویں ترمیم کسی ایک ذات یا جماعت کا مسئلہ نہیں ہے۔

پیپلز پارٹی کی مرکزی نائب صدر نے کہا کہ 18 ویں ترمیم وفاقی مسئلہ ہے اورفیڈریشن کو مضبوط کرنے کا واحد ذریعہ ہے، پیپلز پارٹی کا واضح مؤقف ہے کہ 1973ء کا آئین اور 18 ویں ترمیم وفاق اور صوبوں کی زنجیر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے جمہوریت کے لیےبہت بڑی قربانیاں دیں اور ہم ان کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، آج کی حکومت سے این ایف سی کی کمیٹی بھی نہیں بن رہی۔

یہ بھی پڑھیئے: وزیرِ اعظم عمران خان فلاپ ہوچکے، شیری رحمٰن

شیری رحمٰن کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایڈوائزر آئینی طور پر کمیٹی کی صدارت نہیں کر سکتا بلکہ وزیر کرے گا، سب سے زیادہ ٹیکس کراچی سندھ دیتا ہے، 11 فیصد ایوارڈ میں غیر قانونی کٹوتی ہوئی ہے۔

مسلم لیگ نون کے رہنما سلمان احمد کا اے پی سی سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ موقع ہے کہ ہم عوامی مسائل کو ڈسکس کریں اور ان کو حل کرنے کی طرف جائیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ 18 ویں ترمیم نے صوبائی خود مختاری دی اور فیڈریشن کو مضبوط کیا، 18 ویں ترمیم کو ختم کرنے کی پالیسی کو نون لیگ کبھی سپورٹ نہیں کرے گی۔