اقوام متحدہ کشمیر میں تناسب آبادی بدلنےکے عمل کو رکوائے، شیریں مزاری

July 09, 2020

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کو خط لکھا ہے جس میں انھوں نے مقبوضہ کشمیر کو بھارت میں ضم کرنے کے غیرقانونی اقدام پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

خط کے متن کے مطابق ان کا کہنا ہے کہ بھارت کا 5 اگست 2019 کا اقدام غیر قانونی ہے، اقوام متحدہ کا ادارہ برائے انسانی حقوق بھی بھارت کے اس اقدام کو غیرقانونی قرار دے چکا ہے۔

انھوں نے خط میں مزید کہا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر کی آبادی کا تناسب بدلنے کے عمل کو رکوائے۔ اقوام متحدہ کا انسانی حقوق کا ادارہ مقبوضہ کشمیر پر 2 رپورٹس جاری کرچکا ہے، رپورٹس میں مقبوضہ کشمیر میں طاقت کے بےدریغ استعمال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔

انھوں خط میں کہا کہ سوپور میں 3 سالہ بچے کی حالیہ تصویر بھارتی بربریت کی عکاس ہے،عالمی عدم مداخلت سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی حوصلہ افزائی ہورہی ہے۔ بھارت نے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کی اور 25 ہزار غیرکشمیریوں کو ڈومیسائل جاری کردیئے۔