گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات اکتوبر تک ملتوی

July 09, 2020


گلگت بلتستان میں 18 اگست کو ہونے والے انتخابات اکتوبر تک ملتوی ہوگئے جس کی تصدیق سیاسی جماعتوں کے قائدین کی جانب سے بھی کردی گئی ہے۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ گلگت میں جی بی الیکشن سے متعلق الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام اے پی سی میں تمام سیاسی جماعتوں نے شرکت کی۔

اے پی سی میں سوائے چند چھوٹی جماعتوں کے تمام پارٹی سربراہان نے جی بی الیکشن مقررہ تاریخ 18 اگست کو کروانے پر اصرار کیا تھا۔

تاہم اب اے پی سی میں شریک سیاسی قائدین نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مقررہ تاریخ تک الیکشن کی تیاریاں مکمل نہ ہونے کے امکان کو جواز بنا کر الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ ہوچکا ہے۔

سیاسی قائدین کا کہنا ہے کہ اب گلگت بلتستان کے انتخابات اگست کے بجائے اکتوبر میں ہوں گے تاہم الیکشن کے التواء اور بعد ازاں نئے شیڈول کا باضابطہ اعلان الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کرے گا۔