سوئی سدرن کو ’کے-الیکٹرک‘ کو مزید اضافی گیس فراہم کرنے کا حکم مل گیا

July 09, 2020


وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی ایل) کو ’کے-الیکٹرک‘ کو مزید اضافی گیس فراہم کرنے کا حکم مل گیا۔

سوئی سدرن پہلے ہی طے شدہ معاہدے سے 60 ایم ایم سی ایف ڈی زیادہ گیس کے-الیکٹرک کو دے رہا تھا۔

اب اسے ہدایت ملی ہے کہ مزید 40 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کے-الیکٹرک کو دی جائے۔

اس طرح سوئی سدرن کے-الیکٹرک کو طے شدہ مقدار سے 100 ایم ایم سی ایف ڈی گیس زیادہ فراہم کرے گا۔

اتنی زیادہ گیس کے-الیکٹرک کو دینے کی وجہ سے اگلے دو دن سندھ کے سی این جی اسٹیشنز بند رہیں گے۔

دوسری جانب اتوار کو 24 گھنٹے کے لیے صنعتوں کی گیس بھی بند کردی جائے گی۔

فیصلہ ناقابلِ قبول ہے

ادھر سائٹ ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری اور آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے فیصلے کو ناقابلِ قبول قرار دیدیا۔

انھوں نے حکومت سے اس پر نظرِ ثانی کا مطالبہ بھی کردیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاور پلانٹس کو گیس کی بجائے فرنس آئل پر بھی چلایا جاسکتا ہے۔

گیس کے الیکٹرک کو منتقل کرنا مسئلے کا حل نہیں

آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین غیاث پراچہ نے کہا ہے کہ پہلے ہی نقصان میں جانے والے سی این جی سیکٹر کی گیس کے الیکٹرک کو دینا قابل قبول نہیں۔

اپنے ایک بیان میں آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین نے کہا کہ سی این جی اسٹیشنز بند کر کے گیس کے الیکٹرک کو منتقل کرنا مسئلے کا حل نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاور پلانٹس فرنس آئل سے چل سکتے ہیں سی این جی سیکٹر کو تو پہلے ہی کورونا کے باعث ٹرانسپورٹ میں کمی کی وجہ سے بہت نقصان کا سامنا ہے۔