وفاقی حکومت کے الیکٹرک کے امور سے بری الذمہ نہیں، امتیاز شیخ

July 10, 2020

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وفاقی حکومت کسی طرح بھی کے الیکٹرک کے امور سے بری الزمہ نہیں،عمر ایوب سندھ حکومت پر الزام تراشی کی بجائے اپنی ناقص کارکردگی کا جواب دیں ، لوڈ شیڈنگ کی بڑی وجہ وفاقی حکومت کی جانب سے لگائی گئی فرنس آئل کی درآمد پر پابندی ہے ، یہ بات سندھ کے وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ نے وفاقی وزیر توانائی کی قومی اسمبلی میں تقریر کے مندرجات پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اپنے ماتحت پاور ڈویژن اور دیگر ماتحت اداروں کی ناقص کارکردگی کا ملبہ سندھ حکومت پر گرانے کے بجائے اس بات کا جواب دیں کہ کراچی جو پاکستان کا معاشی حب ہے اس شہر میں گھنٹوں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ, بجلی کے تار لوگوں کے سروں پر گرنے اور بجلی کے کھمبوں میں کرنٹ دوڑنے کی ذمہ داری کے الیکٹرک اور اس کمپنی کو لائسنس جا ری کر نے والوں کی ہے یا کسی اور کی اور وفاقی وزیر یہ بھی بتائیں کہ کے الیکٹرک کی بدترین کارکردگی پر کارروائی کے اختیار کے باوجود وفاق کی جانب سے کیالیکٹرک کے خلاف اب تک کیا کارروائی کی گئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت کے الیکٹرک کے 26 فیصد شیئرز کی مالک ہے اور کے الیکٹرک کے بورڈ میں بھی وفاقی حکومت کے نمائندے موجود ہیں لہٰذا وفاقی حکومت کسی طرح بھی کے الیکٹرک کے امور سے بری الذمہ نہیں۔وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے لوڈ شیڈنگ کی شکایات کے حوالے سے وفاقی وزیر توانائی اور چیئرمین نیپرا کو خطوط بھی لکھے جن کا ابھی تک جواب بھی نہیں دیا گیا۔