نارتھ ناظم آباد، بنگلے توڑ کر عمارتیں بنانے کا سلسلہ جاری

July 10, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر)فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد اور ناظم آبادکےبعد نارتھ ناظم آباد کے رہائشی بلاکس میں بنگلے توڑ کرتیزی سے عمارتیں تعمیر کی جا رہی ہیں جس نے مکینوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے رہائشی پلاٹوں کو فلیٹس،پورشن میں تبدیل کرنا سراسرسندھ بلڈنگ کنٹرل اتھارٹی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہےجبکہ سپریم کورٹ بھی ممنوع قرار دے چکی ہےنارتھ ناظم آباد ریزیڈنٹس ایسوسی ایشن نےرہائشی پلاٹوں کوکمرشل میں تبدیل کرنے پر شدید احتجاج کیا ہے، اس کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ایس بی سی کے افسران اورعملہ ملوث ہے۔ایسوسی ایشن متعد ددرخواستیں سندھ بلڈنگ کنٹرل اتھارٹی کو دے چکی ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر وسطی اور علاقہ پولیس کو بھی صورتحال سے آگاہ کیا گیالیکن بنگلے توڑ کر عمارتیں بنانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔عمارتیں بنانے والے بعض بلڈرز نے سروس روڈز پر بھی قبضہ کر لیا ہےجس سے آنے جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے سیوریج کا نظام تباہ اور سڑکیں ٹوٹ پھوٹ چکی ہیں۔