بھارتی بورڈ کا اعلان درست ثابت، پاکستان میں ایشیا کپ کرکٹ ملتوی

July 10, 2020

اس سال ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی نہیں ہوگا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سارو گنگولی کی جانب سے ایک دن پہلے کیا گیا اعلان درست ثابت ہوا۔ کورونا وائر س کی وجہ سے اس سال ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی نہیں ہوگا۔ پاکستان 2022 میں ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا۔ کوویڈ 19 کے باعث پی سی بی نے اس سال کی میزبانی سری لنکا کرکٹ سے تبدیل کر لی تھی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کی منسوخی کے پیچھے کوئی سیاست نہیں ہے۔ ایشیا کپ ملتوی کرنے کا فیصلہ وبائی بیماری کے سبب کیا گیا ہے۔ اے سی سی نے اجلاس کے بعد کہا کہ لاجسٹک اور قرنطینہ جیسے مسائل کے باعث ٹورنامنٹ کو ملتوی کیا گیا ہے۔ کھلاڑیوں اور سپورٹنگ اسٹاف کی صحت اولین ترجیح ہے۔ جمعرات کو ایشین کرکٹ کونسل نے اعلان کیا کہ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ ملتوی کر دیا گیا ہے، ایشیا کپ کا انعقاد رواں سال ستمبر میں ہونا تھا۔ اے سی سی نے امید ظاہر کی ہے کہ ٹورنامنٹ کا انعقاد 2021میں ہوگا۔ جون 2021میں ایشیا کپ کرانے کے لیے ورکنگ کر رہے ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ اب ایشیا کپ 2022اور سری لنکا 2021 میں ایونٹ کی میزبانی کرے گا، ایشیا کپ 2021 آئندہ سال جون میں ہونے کا امکان ہے۔