پاکستانی کرکٹرز دیسی کھانے اور دوستوں کی میزبانی مس کرنے لگے

July 10, 2020

کراچی (عبدالماجدبھٹی/اسٹاف رپورٹر) ووسٹر میں پاکستانی کرکٹ ٹیم گذشتہ گیارہ دن سے نیو روڈ گرائونڈ اور اس سے ملحقہ ہوٹل تک محدود ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گرائونڈ سے جڑے ہوئے ہوٹل میں پاکستانی ٹیم اور اس کی حفاظت پر مامور سیکیورٹی عملہ رہائش پذیر ہے۔ ایک ہال کو ٹیم کے ڈائننگ ہال میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ جہاں ہر وقت چائے اور کافی موجود ہوتی ہے۔ ناشتہ،لنچ اور ڈنر ، ڈائننگ ہال میں ملتا ہے۔ روم سروس کا کوئی انتظام نہیں ہے۔کھلاڑیوں کو روٹی ،سالن یا دیسی کھانے فراہم نہیں کئے جارہے۔ البتہ مقامی شیف اچھی کوالٹی کے چکن، فش اور سبزیوں کے کھانے فراہم کررہا ہے۔ کھلاڑی انگلینڈ میں دوستوں کی میزبانی اور روایتی پکوانوں کو مس کررہے ہیں۔ ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں کو چائے کافی، پانی اور کولڈ ڈرنک کے علاوہ تازہ فروٹ کی سہولت موجود ہے۔