مختلف الزامات میں ملوث 230 اشتہاریوں کے شناختی کارڈ بلاک کرنےکا حکم

July 10, 2020

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ڈیوٹی جج ایف آئی اے کورٹ راولپنڈی سہیل ناصر نے انسانی سمگلنگ سمیت مختلف الزامات میں ملوث ہو کر اشتہاری ہو جانے والے 230ملزمان کے شناختی کارڈ فوری طور پر بلاک کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے ڈی جی نادرا اسلام آباد کو تمام ملزمان جن میں خواتین بھی شامل ہیں کی فہرست بھجواتے ہوئے کہا کہ احکامات پر عمل کرکے پندرہ روز میں رپورٹ پیش کی جائے۔ عدالت نے تھانہ ایف آئی اے کے ایس ایچ او ناصر عباس گوندل کو حکم دیا کہ ملزمان کے شناختی کارڈ بلاک ہونے کی تصدیق کے بعد ان کی تمام تفصیلات سٹیٹ بینک آف پاکستان کو بھی بھجوائی جائیں تاکہ ملزمان کے ملک کے کسی بھی سرکاری یا نجی بینکس کے اکائونٹس منجمد ہوں اور وہ مجبور ہوکر انصاف کیلئے عدالت کے پاس آئیں۔ عدالت نے کہا کہ حیرانی کی بات ہے کہ کئی اشتہاری ملزمان کیخلاف درج مقدمات ایک دہائی سے زائد پرانے ہیں اور ایف آئی اے کے افسران ہاتھ پہ ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں کیا ٹیکنالوجی کے اس دور میں بھی کسی ملزم کی گرفتاری یا اسے عدالت کے سامنے سرنڈر کروانا کوئی مشکل بات ہے، دیکھتے ہیں کہ شناختی کارڈ بلاک اور بینک اکائونٹس منجمد ہونے کے بعد ہمارے ارد گرد گھومنے والے یہ ملزم کیسے خود کو قانون کے تابع نہیں کرتے۔