روٹی کی قیمت میں اضافہ،10روپے ہو گئی،انتظا میہ خاموش

July 10, 2020

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے)نانبائیوں نے پتیری روٹی کی قیمت میں اضافہ کردیا ہے مگر انتظامیہ نے چپ سادھ لی ہے۔چینی کی طرح آٹے کی قیمت میں کمی کے پنجاب حکومت کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔سرکاری طور پر پتیری روٹی کی قیمت سات روپے مقرر ہے، نان بائی آٹھ روپے کی بیچ رہے تھے۔آٹے کی قیمت میں اضافہ کے بعد اب پتیری روٹی کی قیمت دس روپے کردی گئی ہے۔70روپے کلو چینی فروحت کرنے پر بھی عملدرآمد نہیں ہورہا ہے اور مارکیٹ میں85/90روپے کلومیں بیچی جارہی ہے۔ ادھر انتظامیہ اور فلور ملز و آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کا اجلاس ہوا۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ انوارالحق نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 860 مقرر کی گئی ہے آٹے کی مقررہ قیمتوں پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائیگا۔