راولپنڈی چیمبر وفد کا اسلام آباد میں متبرکات کی نمائش کا دورہ

July 10, 2020

اسلام آباد ( نیو زرپورٹر ،اپنے رپورٹر سے) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے صدر صبور ملک اور گروپ لیڈر سہیل الطاف کی قیادت میں جمعرات کو اسلام آباد کے ایک بڑے مال میں جاری مقدس نوادرات اور متبرکات کی نمائش کا دورہ کیا اور غلاف کعبہ، پردہ باب الکعبہ، چادر روضہ رسول اور دیگر متبرکات کی زیارت کی۔ چیمبر کے وفد میں سینئر نائب صدر نوشیروان خلیل خان، نائب صدر حمزہ سروش اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان محمد امتیاز چودھری، شہزاد احمد ملک، عثمان اشرف، عبدالباسط ملک، افضال سعید بٹ، محمد عثمان ایوب، محمد عالم چغتائی، محمد اکرم، مسز فلک انجم، طاہر تاج بھٹی، ملک جمشید احمد، اکرام الرحمٰن عباسی، ندیم اقبال کھوکھر اور شہریز اشرف ملک شامل تھے۔صدر راولپنڈی چیمبر صبور ملک اور گروپ لیڈر سہیل الطاف نے چیئرمین پنجاب انوسٹمنٹ بورڈ سردار تنویر الیاس خان ، سردار یاسر الیاس خان اور سردار عمر تنویر کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے اس جذبے کی تعریف کی کہ انہوں نے جڑواں شہروں کے عوام کی روحانی تسکین کیلئے متبرک نوادرات کی زیارت کا موقع فراہم کیا۔انہوں نے کہا کہ نمائش کا انعقاد اللہ کی خوشنودی کے حصول اور لوگوں کیلئے اظہار عقیدت اور روحانی تسکین کا ذریعہ بنے گا۔چیف کوآرڈنیٹر یو بی جی ملک سہیل حسین نے بھی غلاف کعبہ اور دیگر متبرکات کی زیارت کی اور اسے روح پرور ایونٹ قرار دیا۔ ریٹائرڈ آئی جی پولیس بن یامین، راجہ زاہد ایس ایس پی ریلوے، کرنل(ر) واجد، ایس ایس پی فدا ستی، ایس ایس پی جمیل ہاشمی اور ڈپٹی سیکرٹری وزارت خزانہ فاروق شاہ نے بھی نمائش کا دورہ کیا ۔