برطرفیوں کیخلاف پی ٹی ڈی سی ملازمین کا احتجاج جاری

July 10, 2020

ااسلام آباد (خصوصی رپورٹر) برطرفیوں کیخلاف پی ٹی ڈی سی ملازمین کا ملک گیر احتجاج دوسرے روز بھی جاری رہا۔ پاکستان ٹورازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) اور اسکے 4ذیلی اداروں پی ٹی ڈی سی فلیشمین ہوٹل، پی ٹی ڈی سی کے 40سے زائد موٹلز، پاکستان ٹورز لمیٹیڈ اور لاہور دہلی (دوستی) بس سروس کے ملک بھر میں کل 450 سے زائد مستقل ملازمین کو کورونا سے ہونیوالے مالی خسارے کا جواز بنا کر یکم جولائی سے جبری طور پرملازمتوں سے فارغ کر دیا گیا ‘ اسکے بعد پاکستان ٹورازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) ہیڈ آفس اور سیاحتی معلوماتی مراکز کے ملازمین کو بھی تنظیم نو کے نام پر 7جولائی کو مستقل ملازمتوں سے جبری طور پر فارغ کر دیا گیا۔ یونین عہدیداروں نے میڈیا کو بتایا کہ تمام فیصلوں میں فنڈز فراہم کرنیوالی وزارت کابینہ ڈویژن کو یکسر انداز کر دیا گیا ہے۔ 18ویں آئینی ترمیم کے نفاذ اور وفاقی و صوبائی معاملات میں ہم آہنگی کیلئے وزارت بین الصوبائی روابط موجود ہے جبکہ پی ٹی ڈی سی کے اثاثہ جات صوبوں کو دینے کیلئے اس وزارت کو بھی بائی پاس کیا جا رہا ہے۔