وزیر اعلیٰ کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ، عوام کا اظہار مسرت

July 10, 2020

کوئٹہ(این این آئی) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی جانب سے کوئٹہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے معائنے اور معیار کا جائزہ لینے سمیت غفلت برتنے والے حکام کے خلاف کارروائی کے احکامات پر کوئٹہ کے شہریوں اورسیاسی حلقوں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ترقیاتی کاموں کا معیار بہتر ہوگا۔کوئٹہ بلوچستان کا دارالحکومت ہے یہاں پر ترقیاتی کاموں کے معیارپر کسی صورت سمجھوتہ نہیں ہونا چاہئے عوامی اورسیاسی حلقوں نے کہا ہے کہ جام کمال خان پہلے وزیراعلیٰ ہیں جو نہ صرف ترقیاتی عمل کو آگے بڑھا رہے ہیں بلکہ ترقیاتی منصوبوں میں بدعنوانی کے خاتمے اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات کر رہے ہیں انکا گراؤنڈ پرجاکر اسکیمات کا معائنہ اس بات کی دلیل ہے کہ جام کمال خان صوبے کی ترقی کے لئے مخلصانہ کوششیں کر رہے ہیں، عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ماضی میں ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عام آدمی تک نہ پہنچ سکے اور موجودہ حکومت 1997 سے نامکمل منصوبوں کو بھی اب مکمل کررہی ہے، عوامی حلقوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ وزیراعلیٰ ترقیاتی محکموں سے کرپشن کے خاتمے بدعنوان افسران اور ٹھیکیداروں کی ملی بھگت سے ٹھیکے دینے والے مافیا کاخاتمہ کریں گے۔