بے گھر ہونے والے قبائل کی واپسی کو یقینی بنایا جائے ‘سید ولی آفریدی

July 10, 2020

پشاور(نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر قبائلی رہنما سید ولی شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ قبائل سے ہونے والی مسلسل ناانصافیوں سے قبائل میں محرومی بڑھتی جا رہی ہے۔ قبائل سے جو وعدے کئے گئے تھے دو سال گزرنے کے بعد بھی ایک بھی وعدہ پورا کر کے نہیں دکھایا گیا۔ قبائل کی طرف سے امن کیلئے بہت بی قربانی دی گئی۔ ہزاروں قبائل شہید ہوئے۔ قبائل کی ہزاروں دکانیں اور مکانات تباہ ہوئے جبکہ نقل مکانی سے ہزاروں قبائل بے گھر ہوئے۔ سید ولی شاہ آفریدی نے قبائل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی علاقوں میں غربت بدحالی و بے روزگاری کے خاتمے اور قبائل کی ترقی و خوشحالی کے لئے اقدامات کرنے کی بجائے قبائل کے معدنی وسائل پر قبضہ کرنے کی سازش کی جا رہی ہے اور قبائل کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے جس کے نتائج خطر ناک ہوں گے ۔ آپریشن کے دوران جن قبائلیوں کے نصان ہوئے ہیں ان نقصانات کا فوری طور پر ازالہ کیا جائے۔ قبائل کو نقصان کا معاوضہ دیا جائےجن قبائل کے مکانات تباہ ہوئے ہیں ان کے مکانات تعمیر کروائے جائیں اوربے گھر ہونے والے قبائل کی واپسی کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے۔ بے روز گار قبائل نوجوانوں کو بے روزگاری الائونس دیا جائے۔ قبائلی طلبا کے سکالر شپ کی رقم میں اضافہ کیا جائے اور صوبے کے پیشہ وارانہ تعلیمی اداروں میں قبائلی طلبا کے لئے کوٹہ بڑھایا جائے۔ قبائلی علاقوں میں تمام اضلاع میں انڈسٹریل سٹیٹ بنوائی جائیں اور تجارتی راستوں کو کھولا جائے۔