کراچی میں بھی کورونا کیسز کم ہونا شروع

July 10, 2020

کراچی میں بھی کورونا وائرس کے کیسز میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے۔ صوبائی محکمہ صحت نے شہر میں کورونا وائرس کی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو رپورٹ پیش کردی۔

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق شہر کے نجی اور سرکاری اسپتالوں میں 1303 آکسیجن بیڈز میں سے 984 خالی ہیں۔ اسی طرح نجی اور سرکاری اسپتالوں میں کورونا کے کل 370 وینٹی لیٹرز میں سے 154 خالی ہیں۔

شہر کے بڑے اسپتالوں کی بات کی جائے تو سول اسپتال کے 161 آکسیجن بیڈز میں سے 121 خالی ہیں جبکہ قرطینہ کے 47 بیڈز میں سے بھی صرف 4 پر مریض موجود ہیں۔

لیاری جنرل اسپتال کے 155 آکسیجن بیڈز میں سے صرف 24 پر مریض ہیں۔ لیاری جنرل اسپتال میں 31 وینٹی لیٹرز میں سے بھی صرف 6 پر مریض ہیں۔

کراچی بے نظیر ٹراما سینٹر میں 34 آکسیجن بیڈز میں سے صرف 10 پر مریض ہیں۔ ٹراما سینٹر میں 26 وینٹی لیٹر میں سے 21 پر مریض ہیں۔ 4 خالی پڑے ہیں۔

اوجھا اسپتال کے 92 آکسیجن بیڈز میں سے 54 خالی پڑے ہیں جبکہ 28 وینٹی لیٹر میں سے صرف 4 پر مریض ہیں۔

ایکسپو فیلڈ اسپتال کے 140 آکسیجن بیڈز میں سے 130 خالی ہیں ایکسپو فیلڈ اسپتال کے تمام 10 وینٹی لیٹرز بھی خالی پڑے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جناح اسپتال کے 92 آکسیجن بیڈز میں سے 54 خالی پڑے ہیں۔

انڈس اسپتال کے 62 آکسیجن بیڈز میں سے 34 خالی ہیں، اسی طرح جناح اور انڈس اسپتال کے تمام 44 وینٹی لیٹرز پر مریض موجود ہیں۔