بار اور بینچ کا تعلق ہمیشہ قائم رہے گا، چیف جسٹس

July 10, 2020


چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہ بار اور بینچ ایک ہی ہیں۔

جسٹس گلزار احمد نے سپریم کورٹ بار کمپلیکس کے افتتاح کیا اور تقریب سے خطاب میں انصاف کی فراہمی کےلیے وکلا سے تعاون طلب کرلیا۔

سپریم کورٹ بار کے تحت کورونا وائرس کے سبب عدالتی نظام کو درپیش مسائل پر مذاکرے سے خطاب میں انہوں نے دعوت دینے پر بار کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بار اور بینچ کا تعلق ہمیشہ قائم رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ زیرسماعت مقدمات نمٹانے کیلئے وکلا سے مزید تعاون چاہتے ہیں۔

تقریب سے جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس مشیر عالم، سپریم کورٹبار کے سابق صدر حامد خان نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر جسٹس عمر عطا بندیال نے بار کمپلیکس میں ویڈیو لنک کی سہولت اور مقدمات جلد نمٹانے میں تعاون مانگ لیا۔

جسٹس مشیر عالم نے عدالتی نظام کو کورونا سے درپیش چیلنجز پر گفتگو کے دوران ماسک سے منہ چھپانے سے متعلق دلچسپ تبصرہ کیا۔

جسٹس مشیر عالم نے مزید کہا کہ کہا کہ عدالتی نظام کو آٹومیشن پر لانے کیلئے پی سی ون بنا کر حکومت کو بھیجا، لیکن وسائل کی فراہمی کیلئے حکومت نے معذرت کر لی، مقدمات کا بروقت فیصلہ نہ ہونے اور التو کے باعث ججز کو بھی بعض اوقات منہ چھپانا پڑجاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالتی نظام کو کمپیوٹر نے بدل کر رکھ دیا ہے، سپریم کورٹ بار آٹومیشن کے قوانین بنائے، وہ وقت دور نہیں جب سائلین موبائل سے کیس دائر کر سکیں گے۔

سپریم کورٹ بار کے سابق صدر حامد خان نے کہا کہ کورونا وبا کے سبب عدالتوں میں وکلاء اور ججز کو ایک دوسرے کی شکل نہیں دیکھنی پڑتی، شکل دکھائیں بھی تو کیا دکھائیں۔