چینی کی قیمت مقرر کرنے سے پہلے تیاری کی لاگت کا تعین کیا جائے، شوگر ملز

July 10, 2020


شوگر ملز ایسوسی ایشن پروگریسو گروپ نے مطالبہ کیا ہے کہ چینی کی قیمت مقررکرنے سے پہلے چینی کی تیاری پرآنے والی لاگت کا تعین کیا جائے۔

لاہور میں شوگر ملز ایسوسی ایشن کے پروگریسو گروپ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

پروگریسو گروپ کے عہد یداروں جاوید کیانی، ذکاء اشرف اور دیگر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چینی کی قیمت مقرر کرنے سے پہلے اس کی لاگت کا تعین کیا جانا ضرور ی ہے۔

شوگر ملز ایسوسی ایشن پروگریسو گروپ کے عہدے داروں نے کہا کہ شوگر انڈسٹری الزامات کی زد میں ہے، لیکن اس کی نمائندگی ٹھیک طرح سے نہیں ہو پائی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: 76 ہزار میٹرک ٹن چینی کے پرچیز آرڈر جاری

شوگر ملز ایسوسی ایشن نے کہا کہ شوگر انڈسٹری کو ایف بی آرکے ذریعے آڈٹ پرکوئی اعتراض نہیں ہے۔

شوگر ملز ایسوسی ایشن کا وفاقی وزیر حماد اظہر کو خط

واضح رہے کہ اس سے قبل شوگر ملز ایسوسی ایشن نے وفاقی وزیر حماد اظہر کو خط لکھا تھا، جس میں انہوں نے وزیر اعظم سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی۔

خط میں شوگر ملز ایسوسی ایشن کا کہنا تھاکہ حماد اظہر وزیراعظم سے ملاقات کرانے میں ان کی مدد کریں۔

ملز ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ شوگر انڈسٹری سے متعلق وزیراعظم کی غلط فہمیوں کو دور کرنا چاہتے ہیں۔

شوگر ملز ایسوسی ایشن نے اپنے خط میں کہا کہ وزیراعظم کو اپنا موقف پیش کرنا چاہتے ہیں۔

شوگر ملز ایسوسی ایشن نے شوگر ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس بھی جلد بلانے کا مطالبہ کیا ۔