سلیم ملک کے چھ سال پرانے خط کی کاپی جیو نیوز نے حاصل کرلی

July 10, 2020

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان سلیم ملک اور دانش کنیریا کے سوال ناموں کا جواب دے دیا۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ سلیم ملک چھ سال قبل اپنے جرم کا تحریری طور پر اعتراف کرچکے ہیں۔ سلیم ملک کے چھ سال پرانے لکھے گئے خط کی کاپی جیو نیوز نے بھی حاصل کرلی۔

دانش کنیريا اور سليم ملک نے علیحدہ علیحدہ معاملات پر پاکستان کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا۔ دونوں کی درخواستوں کا بغور مطالعہ کرنے اور پھر ان کا جائزہ لینے کے بعد پی سی بی نے دونوں سابق کرکٹرز کو جواب دے ديا ہے۔

جیو نیوز نے سابق کپتان سلیم ملک کے خفیہ خط کی کاپی حاصل کرلی، اس خط کے مطابق ماضی میں سلیم ملک تحریری طور پر چھ سال قبل جرم قبول کرچکے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی کو سلیم ملک نے پانچ مئی 2014 کو اپنا دستخط شدہ خط لکھا تھا، جس میں سلیم ملک نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے غلط کاموں کا اعتراف کرتےہیں۔

سلیم ملک نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے پرستاروں سے معافی بھی مانگی، سلیم ملک نے خط میں پی سی بی سے کرکٹ میں واپسی کے لئے بھی درخواست کی تھی۔ سلیم ملک چاہتے تھے کہ وہ دوبارہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ کا حصہ بنیں۔

سلیم ملک سابق کرکٹر احتشام الدین کے لئے بینیفٹ میچ بھی کرانا چاہتے تھے لیکن پی سی بی نے انہیں اس کی اجازت نہیں دی تھی۔

دوسری جانب سابق کپتان سلیم ملک نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی کا خط موصول ہوگیا، پریس ریلیز بھی دیکھ لی۔

انہوں نے کہا کہ وہ قانونی مشاورت کررہے ہیں، کل پریس کانفرنس میں اس کا جواب دینگے۔