پاک افغان بارڈر انگوراڈہ کھول دیا گیا، عوام خوش

July 10, 2020

جنوبی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر انگور اڈہ تجارت اور آمد و رفت کےلیے کھول دیا گیا، جس سے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

ضلعی انتظامیہ جنوبی وزیرستان کے مطابق پاک افغان بارڈر انگور اڈہ کھولنے کی افتتاحی تقریب میں اعلیٰ سرکاری حکام، عمائدین علاقہ، تاجروں اور ٹرانسپورٹرز نے شرکت کی۔

پاک افغان بارڈر دوبارہ کھولنے پر قبائلی عوام نے خوشی کا اظہار کیا ہے جبکہ عمائدین علاقہ کے مطابق بارڈر کھلنے سے بے روزگاری میں کمی آئے گی۔

انتظامیہ کے مطابق انگور اڈہ گیٹ کورونا وائرس کے ایس اوپیز کے مطابق کھول دیا گیا ہے۔

قبائلی عمائدین اور مقامی لوگوں نے گیٹ کھولنے پر حکومت، پاک فوج اور فرنٹیئر کانسٹبلری (ایف سی) کا شکریہ ادا کیا۔

انگور اڈہ بارڈر کو کورونا وائرس پھیلنے کے خدشہ کے پیش نظر چار ماہ قبل بند کردیا گیا تھا۔