کے الیکٹرک میں عمران کے دوست ہوتے تو احتجاج نہ کرتے، عالمگیر خان

July 11, 2020


کراچی (ٹی وی رپورٹ)تحریک انصاف کے رہنما عالمگیر خان نے کہا ہے کہ اگر کے الیکٹرک انتظامیہ میں عمران خان کے دوست ہوتے یا ان سے پی ٹی آئی کو فنڈ مل رہا ہوتا تو ہم ان کے خلاف احتجاج نہ کرتے،امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہاکہ کراچی کے تین کروڑ عوام پر ہر طرح کا ظلم کیا جارہا ہے اور ظلم کرنے والوں کو حکومت سپورٹ کررہی ہے،ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما کنور نوید جمیل نے کہا کہ ہم مسلسل کے الیکٹرک کی کوتاہیوں ، اوور بلنگ اور لوڈشیڈنگ کی نشاندہی اسمبلی کے فلور پر ، اسمبلی کے باہر احتجاج کرکے ریکارڈ کراتے رہے ہیں، معروف کیریئر کونسلر اظہر حسین عابدی کا کہنا تھاکہ 1پوائنٹ 1ملین اسٹوڈنٹ ہیں جو دنیا بھر سے ہر سال امریکا جاتے ہیں اعلیٰ تعلیم کے لئے جن میں پاکستان سے جانے والوں کی بھی ایک بڑی تعداد شامل ہے جو متاثر ہوگی ،بانی زندگی ٹرسٹ اور گلوکار شہزاد رائے کا کہناتھا کہ آبادی میں اضافہ اور محدود وسائل پاکستان کا بڑا سنجیدہ مسئلہ ہے ۔میزبان نے کہا کہ شہر کراچی اس وقت بدترین لوڈ شیڈنگ کی شکایات ، اوور بلنگ اوربجلی بحران کا شکار ہے ، وزیراعظم نے اسکا نوٹس بھی لے لیا ہے اورمسئلے کو حل کرنے کی ہدایات بھی جاری کردی ہیں ۔