کشمیر کی آزادی کیلئے برہان وانی کا مشن جاری رہے گا، لقمان زاہد

July 11, 2020

وٹفورڈ( نمائندہ جنگ )تحریک کشمیر برطانیہ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری لقمان زاہد نے برہان الدین وانی کی برسی کے موقع پر کہاکہ برہان الدین وانی کا مشن جاری رہے گا ۔ آزادی کشمیر کے سفر میں ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں ۔یہ شہدائے جموں کشمیر کی دی ہوئی قربانیوں کا سفر ہے اس کی تکمیل کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی ۔لقمان زاہد نے اس موقع پر مزید کہا مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کا اجلاس بلایا جائے، اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر پر دونوں ممالک کو روڈ میپ دے تاکہ کشمیر ی عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں ۔ اقوام متحدہ سےدرخواست کی جائے کہ وہ اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے کشمیر پر سہہ فریقی مذاکرات کےلئے عملی اقدامات کرے ۔ لقمان زاہد نے کہا بھارت جیسے دہشت گرد ملک کو سلامتی کونسل میں لانا اقوام متحدہ کے منشور اور انسانی حقوق کے بنیادی چارٹر کی بدترین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری سے مطالبہ کیاکہ مسئلہ کشمیر کے حل ہونے تک اقوام متحدہ کے آرٹیکل 6 کے تحت بھارت کی رکنیت منسوخ کرنا اقوام متحدہ کی ذمہ داری بنتی ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے ۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری لقمان زاہد نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے مطالبہ کیا کہ لندن میں تمام کشمیر ی جماعتوں پر مشتمل گول میز کانفرنس بلانے کے لیے اقدامات کیے جائیں ۔ پاکستان کی مسئلہ کشمیر پر واضح پالیسی نہ ہونے کے باعث بیرون ملک کشمیری عوام کی سیاسی وسفارتی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں ۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کو عدالتی انصاف میں اٹھائیں ۔ جیلوں میں نظر بند کشمیر ی رہنماؤں علی گیلانی، شبیر شاہ، عمر فاروق ، یاسین ملک و دیگر کی رہائی کا مسئلہ بھی عدالت انصاف میں میں اٹھایا جائے ۔