انگلینڈ میں شیڈولڈ آپریشنز مئی میں 80فیصد کم ہوئے

July 11, 2020

لندن (پی اے ) انگلینڈ میں شیڈولڈ آپریشنز مئی میں 80 فیصد کم ہوئے ۔ این ایچ ایس اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ انگلینڈ میں پہلے سے طے شدہ آپریشن مئی میں 2019 کے اسی ماہ کے مقابلے میں 80 فیصدکم ہوئے۔ ایکسیڈنٹ اینڈ ایمرجنسیز ( اے اینڈ ای) آنے والوں کی تعداد جون میں گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں ایک تہائی کم تھی۔ تاہم علاج کیلئے ویٹنگ لسٹ بھی نچلی سطح پر آگئی جبکہ کینسر اور امراض قلب کے ٹیسٹس کیلئے بہت کم افراد آئے۔ این ایچ ایس انگلینڈ کی جانب سےجمعرات کے روز شائع ہونے والی رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ کورونا وائرس کے دوران ہیلتھ سروس کااستعمال ڈرامائی طور پر کم ہو گیا۔ نان ایمرجنسی سرجری بشمول کینسر اور ہارٹ آپریشنز کی تعداد جو کہ مئی 2019 میں 296000تھی وہ اس سال مئی میں کم ہو کر 55000 رہ گئی۔ اپریل میں طے شدہ آپریشن 41000 سے کچھ زیادہ ہوئے مگر پھر معمول سے بہت کم ہوگئے۔ اور ایسے پروسیجرز جس میں مریض کو ہسپتال میں داخل کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی ، وہ مئی 2020 میں 506000 ہوئے جبکہ مئی 2019 میں ان کی تعداد 1.1 ملین تھی۔علاج کے آغاز کیلئے انتظار کرنے والے مریضوں کی تعداد مئی 2019 میں 4.4 ملین تھی جو اس سال مئی میں کم ہو کر 3.8ملین مریضوں پر آگئی۔ مجموعی ٹیسٹس بشمول ٹیومرز دیکھنے کیلئے سکینز اور دل کی حرکت جانچنے کیلئے ٹیسٹس کی تعداد میں ایک تہائی کمی ہوئی جو کہ مئی 2019 میں 1.2 ملین ہوئے تھے اور مئی 2020 میں ان کی تعداد صرف 870000 تھی۔