برطانیہ میں توانائی بچانے کیلئے گرین ہومز اسکیم متعارف

July 11, 2020

راچڈیل (ہارون مرزا)برطانیہ میں توانائی بچانے کیلئے صارفین کیلئے گرین ہومز گرانٹ اسکیم متعارف کرائی گئی ہے جس کے تحت گھروں کے مالکان ‘ زمینداروں کو پانچ ہزار پونڈ تک گرانٹ دی جائے گی تاکہ وہ گھروں میں بجلی کے نظام کو توانائی بچانے کے نظام پر منتقل کرنے سمیت مرمت وغیرہ کرا سکیں۔ برطانوی چانسلر رشی سوناک نے منی بجٹ میں اس منصوبے کو متعارف کراتے ہوئے کہا کہ ستمبر سے گرین ہومز گرانٹ اسکیم کیلئے 2بلین پونڈ کی رقم مختص کی جائے گی، فنڈ میں اسکولوں ، ہسپتالوں ، جیلوں ، فوجی اڈوں اور دیگر سرکاری عمارتوں کیلئے توانائی کی استعداد کار اور کم کاربن حرارتی نظام کو بہتر بنانے کے لئے 1 بلین پونڈ بھی مختص ہیں،چانسلر رشی سوناک نے کہا کہ توانائی کے نظام کو ماحول دوست نظام پر منتقل کرنے سے سالانہ بلوں میں صارفین کو 3سو پونڈ تک بچت ہوگی، حکومت معیشت کو سنبھالا دینے اور عوام کو پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے کئی منصوبے متعارف کر ارہی ہے جن پر سنجیدگی کے ساتھ عمل کیا جا رہا ہے ۔