برہان وانی کی شہادت نے تحریک آزادی میں نئی روح پھونک دی ،مقررین

July 11, 2020

برسلز (نمائندہ جنگ )کشمیر کونسل ای یو کے زیر اہتمام یورپی دارالحکومت برسلز میں کشمیری حریت پسند نوجوان رہنما شہید برہان مظفر وانی کی چوتھی برسی کے موقع پر ایک دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید سمیت بلجیم میں کشمیری کمیونٹی، پاکستان پیپلز پارٹی ،مسلم لیگ ن ، پاکستان تحریک انصاف اور کرسچیئن کمیونٹی کے رہنماؤں نے اپنے خطابات میں شہید برہان وانی کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ چوہدری خالد جوشی، سردار صدیق خان، حاجی وسیم اختر، کینتھ رائے اور رائو مستجاب احمد خان نے کہا کہ برہان مظفر وانی کی شہادت نے تحریک آزادی کشمیر میں ایک نئی روح پھونک دی ہے اور کشمیریوں میں آزادی کا نیا ولولہ پیدا کیا۔ کشمیر کے مظلوم عوام بھارتی فورسز کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن گئے اور بھارتی ظلم و ستم کا ڈٹ کرمقابلہ کررہے ہیں۔ نہتے کشمیری بھارتی فورسز کی تمام تر سفاکیت کے باوجود آج پوری ہمت و استقامت کے ساتھ سینہ تانے کھڑے ہیں۔ مقررین نے کہاکہ کشمیریوں کے حوصلے پہاڑوں سے بھی بلند ہیں۔ بھارتی فوج نے کشمیریوں پر ہر قسم کا ظلم وستم آزما کر دیکھ لیا، یہاں تک کہ پیلٹ گن کا بھی بے دریغ استعمال کر کے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبانے کا یہ گھناونا حربہ بھی آزمایا مگر ہر کشمیری کا لہو ایندھن بن کر آزادی کی اس شمع کو مزید فروزاں کرتا چلا جا رہا ہے، کشمیری اپنی آزادی تک اس جدو جہد کو جاری رکھیں گے۔ مقررین نے عالمی اداروں بشمول اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں کی نسل کشی بند کروائیں اور جموں و کشمیر کے تمام علاقوں کو غیرعسکری علاقہ قرار دینے کے لیے اقدامات کریں۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ اختتام پر شہید برہان وانی اور دیگر شہدا کے بلند درجات کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔