بریڈ فورڈ میں ہزاروں ملازمتوں کو خطرہ ہے ، شیڈو وزیر بیرسٹر عمران حسین

July 11, 2020

بریڈفورڈ(محمد رجاسب مغل )شیڈو وزیر بیرسٹر عمران حسین نے چانسلر رشی سوناک کی تازہ ترین معاشی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بریڈفورڈ میں ہزاروں ملازمتوں کو عدم فعالیت کی وجہ سے خطرہ ہے اورایک بڑے معاشی بحران کی جانب بڑھ رہے ہیں اس کے باوجود چانسلر اس بحران سے نکلنے کے لیے کوئی واضح پروگرام دینے میں ناکام رہے ہیں، غربت کے شکار عوام کو محض کھانوں کی میز پر چھوٹ دے کر لولی پاپ دیا گیا اس سے عام آدمی کے روزگار اور نظام زندگی کیسے چلے گا،ان کی ملازمتوں کے تحفظ اوربچوں کے خوشحال مستقبل کے لیے کوئی واضح پالیسی نہیں بنائی گئی ۔اگلے بجٹ تک عارضی پالیسیوں بنائی جا رہی ہیں جس سے عام مزدور طبقہ افراد کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گا ۔بریڈفورڈ ساؤتھ کی رکن پارلیمنٹ جیوڈتھ کامنز نے بھی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ بریڈفورڈ میں دوسرے مقامی لاک ڈاؤن کو روکنے اور معیشت کی بحالی کا آغاز کرنے کے لئے فوری طور پر کام کریں۔ہاؤس آف کامنز میں مباحثے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے جوڈتھ کمنز ایم پی نے کہا کہ حکومت کو چاہیئے کہ بریڈ فورڈ جیسے مقامات کو دوسرے لاک ڈاؤن میں جانے سے بچانے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے کیونکہ مقامی لاک ڈاؤن سے معاشی اثرات بہت زیادہ ہوں گے ۔حکومت کو چاہیے کہ صحت عامہ تک رسائی کے لئے کونسل کے لئے مزید مالی اعانت کے ساتھ ساتھ لوگوں کو صحیح کام کرنے کے لئے مالی مراعات فراہم کرے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ فرلو اسکیم اور سیلف ایمپلائمنٹ والوں کی انکم سپورٹ اسکیم میں مزید لچک کی ضرورت ہے،ایم پی جیوڈتھ کامنز کا کہنا تھا کہ بریڈفورڈ میں فرنٹ لائن پر ہائی رسک میں کام کرنے والوں کی ایک بڑی تعداد کے علاوہ ضلع میں 198000ملازمین میں سے 75٪ افراد گھر سے کام کرنے سے محروم رہے اور ان کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے ایسے افراد کے لیے حکومت ملازمتوں کی فراہمی یقینی بنائے ۔