سردارعبدالقیوم خان کا مشن جاری رہے گا،بشیر رٹوی

July 11, 2020

راچڈیل (نمائندہ جنگ )سپریم ہیڈمسلم کانفرنس اور سابق صدرووزیراعظم آزادکشمیر مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان کی برسی کے موقع پر صدر مسلم کانفرنس راچڈیل ’لالہ علی اصغر راچڈیل‘ کی جانب سے دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں مسلم کانفرنس کے رہنماؤں کے علاوہ دیگر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی شریک ہوئیں اور اللہ پاک کے حضور مجاہد اول کے بلند درجات کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔ اس موقع پر تحریک کشمیر بورڈمسلم کانفرنس برطانیہ و یورپ کے چیئرمین چوہدری بشیر رٹوی نے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مجاہد اول سردارعبدالقیوم خان کوکشمیریوں کی آزادی کیلئے عظیم جدوجہد پر سلام پیش کرتے ہیں مرحوم کی کشمیر کاز اور پاکستان کیلئے بے لوث خدمات تاریخ میں زندہ و پائندہ رہیں گی مقبوضہ وادی میں بھارتی تسلط سے نجات کیلئے مجاہد اول کی جلائی ہوئی شمع آزادی کاکارواں رواں دواں رہے گا۔سردار عبدالقیوم خان نے تحریک آزادی کیلئے دنیا بھر میں آواز اٹھائی مجاہد اول نے کشمیریوں کو بھارتی تسلط سے آزاد کروانے کیلئے جو آواز اٹھائی اسے دنیا بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ہم اس عزم کا عہد کرتے ہیں کہ سرادار عبدالقیوم خان کے مشن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھیں گے کشمیر کی آزادی اورالحاق پاکستان تک چین سے نہیں بیٹھیں گے لالہ علی اصغر نے مجاہد اول کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سردار عبدالقیوم خان ایک عظیم مخلص کشمیری لیڈراور کشمیری قوم کے ہیرو تھے آزادکشمیر کی سیاست میں یونیورسٹی کا درجہ رکھتے تھے انہوں نے کشمیری قوم کی بہترین رہنمائی ونمائندگی کی اور انکی منزل کا بھی تعین کیا آخری دم تک اپنے مشن آزادی کشمیر اور تکمیل پاکستان کیلئے جدوجہد کرتے رہے انہوں نے تحریک آزادی کشمیرریاستی تشخص،عوام کے حقوق کیلئے ناقابل فراموش کردار ادا کیا۔ان کی پوری زندگی مشعل راہ ہے سیاسی، قومی وملی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔اس موقع پردیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان جیسے نڈر،بیباک، مخلص وہمدردلیڈر کی کمی کشمیری عوام ہمیشہ شدت سے محسوس کرتے رہیں گے۔اس موقع پر دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ مجاہد اول سردارعبدالقیوم خان کو کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے۔ اس موقع پرکرونا وائرس کی وباء سے چھٹکارے کے لیے بھی خصوصی دعا بھی کی گئی۔