فورتھ شیڈول میں شامل افراد گزارے کیلئے بنک سے رقم نکلواسکیں گے

July 11, 2020

لاہور (آصف محمود) پنجاب حکومت نےانسداد دہشت گردی ایکٹ 1997ءکے فورتھ شیڈول میں شامل جماعتہ الدعوۃ کےحافظ سعید، جیش محمد کے مولانا مسعود اظہر اور تحریک جعفریہ کے علامہ ساجد علی نقوی سمیت 1500سے زائد افراد کو گزارے کیلئے اپنے بنک اکاؤنٹس سے رقوم نکلوانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ ان خفیہ رپورٹس کے بعد کیا گیا کہ یہ افراد اپنی ضروریات زندگی کے لئے غیر قانونی ذرائع سے پیسہ حاصل کرسکتے ہیں جس سے دہشت گردوں کی مالی معاونت کے قانون کی خلاف ورزی کا خطرہ ہو سکتا ہے۔ فورتھ شیڈول میں شامل افراد کے بنک اکائونٹس سمیت تمام منقولہ اثاثے منجمد کر دیئے جاتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ان افراد کی جانب سے درخواستیں موصول ہوئیں کہ بنک اکائونٹس منجمد ہونے کی وجہ سے ان کیلئے گزارہ مشکل ہوگیا ہے، انہیں رقم نکلوانے کی اجازت دی جائے۔ پنجابحکومت نے یہ حکمت عملی ترتیب دی ہے کہ ان درخواستوں کو متعلقہ ڈپٹی کمشنروں کے پاس بھیجا جائیگا جو ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹیوں کے ذریعے فورتھ شیڈولر کےگھر کے ضروری اخراجات کی تصدیق کروائیں گے۔ ماہانہ خرچ 35ہزار ہوا تو اسے 40ہزار روپے تک نکلوانے کی اجازت دے دی جائے گی۔ پنجاب حکومت وفاقی وزارت داخلہ کو خط لکھے گی جو سٹیٹ بنک کو اس رقم کی حد تک اکائونٹ آپریٹ کرنے کے لئے متعلقہ بنک کو احکامات جاری کرنے کیلئے کہے گی ۔