تنخواہوں کی عدم ادائیگی ،تشدد کیخلاف صحافیوں کا اسمبلی سے واک آؤٹ

July 11, 2020

اسلام آباد( نمائندہ جنگ) تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور پیمرا کے باہر صحافیوں پر تشدد کیخلاف صحافی قومی اسمبلی کی پریس گیلری سے واک آوٹ کر گئے ۔ا سپیکر قومی اسمبلی نے صحافیوں کو تنخواہوں میں تاخیر اور پرامن احتجاج پر تشدد کی رپورٹس طلب کرلیں ۔گزشتہ روز قومی اسمبلی اجلاس میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی، چینل 24کے صحافیوں پر پیمرا آفس کے باہر تشدد کےخلاف صحافیوں نے پریس گیلری سے واک آوٹ کیا ،ایوان میں خطاب کرتے ہوئے وزیر پارلیمانی امورعلی محمد خان نے کہا کہ صحافیوں نے تنخواہوں کی تاخیر پر پریس گیلری سے واک آؤٹ کیا ہے،اس معاملے کو وزارت اطلاعات کو بھجوایا جائے اور وزیر اطلاعات شبلی فراز کو اس پر اقدام اٹھانے کی ہدایات کی جائیں، چند روز قبل ایک فائرنگ کا واقعہ ہوا ہے ،اس پر بھی صحافیوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے، ہم پرامن احتجاج کے حامی ہیں، اس معاملے پر وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب کی جائے تاکہ صحافی برادری کی تشفی ہوسکے، ہم صحافی برادری کے ساتھ ہیں، انکے مسائل حل ہونے چاہیئں، سپیکر نے دونوں معاملات کو متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کو بھجواتے ہوئے رپورٹ دینے کی ہدایات کردیں، پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن نائب صدر اور سیکرٹری جنرل نے واک آؤٹ اور احتجاج بارے موقف حکومت و اپوزیشن کے سامنے پیش کرتے ہوئے کہاکہ ایک طرف ہمارے پرامن احتجاج پر پیمرا آفس کے باہر تشدد اور ہوائی فائرنگ کی گئی تو دوسری طرف تین سے چھ ماہ کی تنخواہیں تاخیر کا شکار ہیں، ہمیں بتایا جائے کہ ہمارے مسائل کا حل کب نکلے گا۔