فضل الرحمٰن دھرنا ختم کر گئے، شجاعت پورا سچ سامنے نہیں لائے، تجزیہ کار

July 11, 2020

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’رپورٹ کارڈ‘‘میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے پہلے سوال چوہدری شجاعت کا وزیراعظم کوباہمی مشاورت سے مسائل حل کرنے کامشورہ، ق لیگ کے سربراہ کی اس وقت یہ بیان دینے کی وجہ کیا ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ وزیراعظم نہ اپنے وزراء کی نہ ہی اتحادیوں کی بات سن رہے ہیں،فضل الرحمٰن کسی کی یقین دہانی پردھرنا ختم کرکےگئےتھے۔

چوہدری شجاعت پوراسچ سامنے نہیں لائے ۔مظہر عباس نے کہا کہ ق لیگ اور پی ٹی آئی میں بڑھتی دوریوں نے چوہدری شجاعت کو یہ بیان دینے پر مجبور کیاہے، اس کی تازہ مثال ہی میں چوہدریوں کی وزیراعظم کے عشائیہ میں شرکت سے انکار تھا۔

چوہدری برادران کے خیال میں پی ٹی آئی نے معاہدہ پر بالکل عمل نہیں کیا، معاہدہ کا ایک نکتہ مونس الٰہی کو وزارت دینے کا تھا ،اسی طرح چار پانچ اضلاع میں انتظامی معاملات چوہدری برادران کو دیکھنے تھے ، وزیراعظم کو اس کا نوٹس لیتے ہوئے چوہدری برادران سے ملاقات کرنی چاہئے۔