کورونا وائرس، یومیہ کیسز میں ریکارڈ اضافہ، 5 لاکھ 55 ہزار ہلاکتیں، عراق میں رکن اسمبلی چل بسی

July 11, 2020

پیرس، واشنگٹن، جنیوا( اے ایف پی، جنگ نیوز، خبرایجنسیاں)کورونا وائرس کےیومیہ کیسز میں ریکارڈ اضافہ ،دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد بھی 5لاکھ 55ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، عراق میں رکن اسمبلی چل بسی،امریکا میں مزید 65ہزار کیسز، اٹلی کا ایمرجنسی بڑھانے پر غور، ہانگ کانگ میں اسکول پھر بند، عالمی ادارہ صحت کاکہناہےکہ وباء پر اب بھی قابو پایا جاسکتا ہے۔ تفصیلات کےمطابق عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا انفیکشنز میں 2 لاکھ 28 ہزار 102 کا اضافہ ہوا جو کہ ایک ریکارڈ اضافہ ہے۔اقوامِ متحدہ کے ادارے نے اپنی روزانہ کی رپورٹ میں کہا کہ سب سے زیادہ اضافہ امریکا، برازیل، انڈیا اور جنوبی افریقہ میں ہوا ہے،اس سے قبل ریکارڈ اضافہ 4 جولائی کو دیکھا گیا تھا جو کہ 2 لاکھ 12 ہزار 326 تھا۔ڈبلیو ایچ او نے اب تک 1 کروڑ 21 لاکھ متاثرین رپورٹ کیے ہیں، جبکہ جان ہاپکنز یونیورسٹی یہ تعداد 1 کروڑ 23 لاکھ بتاتی ہے۔جانز ہاپکنز پونیورسٹی کے اعداو شمار کے مطابق گزشتہ روز امریکا میں ایک مرتبہ پھر ریکارڈ یومیہ متاثرین سامنے آئے ہیں، ملک میں 65000 نئے کیسز سامنے آئے تھے۔امریکا میں اب تک 32 لاکھ کیسز سامنے آ چکے ہیں جو کہ کسی بھی ملک میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔امریکہ میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بھی برھ رہی ہے۔ گذشتہ تین دن میں اوسطً 900 لوگ روزانہ ہلاک ہوئے ہیںتاہم صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اتنے کیسز صرف زیادہ ٹیسٹنگ کی وجہ سے ہیں۔جانز ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں اب تک پانچ لاکھ 55 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔اسی طرح اب تک دنیا بھر میں ایک کروڑ 23 لاکھ سے زیادہ افراد اس وائرس سے متاثر بھی ہوئے ہیں۔ادھر برطانیہ میں محکمہ صحت و سماجی بہبود کے مطابق کورونا وائرس سے مزید 48 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، اس کے بعد ملک میں کووڈ 19 سے ہلاک ہونے والے افراد کی کل تعداد 44 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، گزشتہ روز ملک میں 160970 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 512 مثبت آئے۔اٹلی کے وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ایسا لگ رہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے حوالے سے لگائی گئی ایمرجنسی کو 31 جولائی کے بعد تک بڑھانا پڑے گا۔