اینٹی کرپشن کی قبضہ مافیا کیخلاف کارروائیاں، اربوں کی اراضی واگزار

July 11, 2020

اسلام اباد(خصوصی نامہ نگار )اینٹی کرپشن کا پنجاب بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن جاری ہے ۔رواں ہفتہ کے دوران اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے مجموعی طور پر 4ارب 46 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 5869 کنال سے زائد سرکاری اراضی ناجائز قابضین سے واگزار کروائی۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب محمد گوہر نفیس نے پنجاب بھر کے تمام ریجنل ڈائریکٹرز کو ہدایات جاری کی تھیں کہ وہ اپنے ریجن میں موجود سرکاری اراضی کا ریکارڈ حاصل کر کے ان پر قابض ناجائز قابضین کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں۔ راولپنڈی ریجن نے ایک ارب 53کروڑ روپے مالیت کی51کنال 16مرلے انتہائی قیمتی سرکاری اراضی واگزار کروائی۔اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب بھر میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مل کر ناجائز قابضین کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن محمد گوہر نفیس نے تمام ریجنل افسران کو قبضہ مافیا کے خلاف کاروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔