سرحد چیمبرکا بجلی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنیکا خیر مقدم

July 11, 2020

پشاور(لیڈی رپورٹر )سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر مقصود انور پرویز نے صوبائی حکومت کی جانب سے پن بجلی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کا خیر مقدم کیا اور مطالبہ کیا کہ پیہور ہائیڈرل پاور پراجیکٹ کی طرز پر صوبہ بھر میں دیگر صنعتی بستیوں کو ویلنگ چارجز پر بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے۔ مقصود انور پرویز نے صوبائی حکومت کی جانب سے سات مختلف بجلی کے منصوبوں کو دسمبر تک مکمل کرنے کے ہدف کو خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ پن بجلی کے صوبائی پراجیکٹ کی بروقت تکمیل سے نہ صرف صوبہ بجلی کی پیداوار میں خود کفیل ہوگا بلکہ صوبہ کی انڈسٹری کو سستے نرخوں پر بجلی مہیا ہوسکے گی۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت نے 18میگاواٹ پیہور ہائیڈل پاور پراجیکٹ کے ذریعے گدون امازئی انڈسٹریل زون کے5 کارخانوں کو ویلنگ چارجز پر بجلی کی فراہمی کا آغاز کیا ہے جو کہ صوبہ میں صنعتی ترقی کے لئے پہلا اہم اقدام ہے۔اس منصوبے کے تحت انڈسٹری کو 10.41 روپے فی یونٹ کے حساب سے بجلی فراہم کی جا رہی ہے جس کا سلسلہ 5 جون 2020 ء سے شروع ہوچکا ہے۔ تاہم انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیہور ہائیڈل پاور پراجیکٹ کی طرح صوبہ میں قائم تمام صنعتی بستیوں کو بھی ویلنگ چارجز پر بجلی کی فراہمی کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں۔